ناصر خان جان سے کون نا واقف ہو سکتا ہے۔ اکثر و بیشتر ہی ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر نظر آتی ہیں۔ کبھی میک اپ ٹپس دے رہے ہوتے ہیں تو کبھی اپنی آواز میں گانے گنگنا رہے ہوتے ہیں جبکہ کچھ ویڈیوز میں خواتین کو ان کی خوبصورتی کے حوالے سے دلچسپ مشورے بھی دیتے نظر آتے ہیں۔
ناصر خان جان نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ایسا انکشاف کیا کہ پڑھنے والے بھی تنقید کے بجائے سراہنے لگے۔
سوشل میڈیا اسٹار نے اپنی اور شہزادہ ہیری کی ایک فوٹو شاپ کی ہوئی تصویر اپ لوڈ کی جس میں انہوں نے ہیری کی اپنے خاندان سے دستبرداری کی وجہ خود کو بتایا۔
انہوں نے لکھا کہ 'آج میری ہیری سے ملاقات ہوئی جس میں ہم نے تفصیلی بات چیت کی۔ میں نے اس سے پوچھا کہ تم نے شاہی خاندان کیوں چھوڑا؟ اس نے جواب دیا، دیکھ ناصر ہم بچپن کے دوست ہیں، تو دنیا کی مشہور شخصیت بن گیا اور میں شاہی خاندان کا حصہ ہو کر بھی تجھ جتنی شہرت حاصل نہ کرسکا۔ اب میں تمہارے جیسا بننے کا فیصلہ کرچکا ہوں'۔
سوشل میڈیا صارفین نے ناصر خان جان کی اس ٹوئٹ پر تنقید کے بجائے انہیں کافی داد دی اور کچھ نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ایسا صرف وہ ہی کر سکتے ہیں۔