مشہور و معروف اداکار فیصل قریشی نے ایک پریس کانفرنس میں اپنی نئی فلم سوری بنانے کا اعلان گزشتہ سال اکتوبر میں کیا تھا۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں فلم کی کہانی سے متعلق بتایا تھا کہ ان کی یہ فلم محبت میں اتار چڑھاؤ، محبت پانا اور پھر اسے پا کر کھونے کے گرد گھومتی ہے۔
فیصل قریشی کی جانب سے فلم کی اسٹار کاسٹ کا اعلان کیا گیا تھا جس میں اداکارہ آمنہ شیخ، سونیا حسین اور زاہد احمد اداکاری کریں گے لیکن شوٹنگ شیڈول میں مسائل ہونے کے باعث اداکارہ سونیا حسین فلم کی کاسٹ سے الگ ہوگئیں تھیں جس کے بعد سونیا حسین کی جگہ اداکارہ فریال محمود کو فلم میں کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستانی فلمی ویب سائٹ کے مطابق ’سوری ‘ کی عکس بندی کا پہلا مرحلہ گزشتہ سال مارچ 2019 میں مکمل کر لیا گیا تھا تاحال فلم کے حوالے سے کوئی بھی خبر سامنے نہیں آئی تھی۔
فلم کے ڈائریکٹر سہیل جاوید نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ فلم کی عکس بندی کا دوسرا مرحلہ رواں سال مارچ 2020 میں شروع ہوگا جبکہ فلم کی عکس بندی کا اختتام بھی اسی اسپیل میں ہوگا جو کہ باہر ممالک میں شوٹ کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی دوبارہ بلندیوں پر جانے کے بعد اب اداکار فیصل قریشی ایک بار پھر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے ، اور مداحوں کو ان کی آنے والی اس نئی فلم کا بے صبری سے انتظار ہے۔
اس حوالے سے فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ ان کے مداحوں کی جانب سے دباؤ کی وجہ سے وہ دوبارہ سلور اسکرین پر نظر آنے والے ہیں اور انہیں ایک درست فلم کا انتخاب کرنا تھا۔
اس سے قبل سرمد کھوسٹ کی فلم منٹو میں فیصل قریشی نے مختصر کردار ادا کیا تھا۔
فلم ’سوری ‘ رواں سال 2020 میں ریلیز کی جائے گی۔