اداکارہ حنا الطاف اور اداکار آغا علی سے متعلق پرائیویٹ پروڈکشن کمپنی کی سی ای او نوشین آغا نے عدالت سے روجوع کرلیا۔ ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد عبدالغفور کاکڑ نے درخواست پر سماعت کی۔
نوشین آغا کے وکیل حسنین حیدر تھہیم ایڈووکیٹ نے عدالت میں دلائل دیئے کہ ٹی وی سیریل 'دلِ سرکش' میں اداکاری کے لیے آغا علی کو 8 لاکھ اور حنا الطاف کو 5 لاکھ روپے ایڈوانس دئیے گئے۔
درخواست گزار کے مطابق ڈرامہ کے پروڈکشن منیجر گل زیب نواز اور ڈائریکٹر سہیل افتخار خان کو ڈیڑھ لاکھ روپے دئیے گئے مگر یہ لوگ رقم غبن کر کے کنٹریکٹ کے کاغذات، شوٹ کی وڈیوز اور دیگر قیمتی سامان چوری کر کے بغیر کسی کو مطلع کئے غائب ہو گئے۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ پولیس کو مقدمہ کی درخواست دی مگر ان کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ عدالت سے درخواست ہے کہ پولیس کو مقدمہ درج کر کے قانون کے مطابق کارروائی اور رقم واپس دلوانے کا حکم دیا جائے۔