پاکستان میں ویسے تو بہت سے ایسے ڈرامے آئے جنہوں نے بہت کم عرصے میں شائقین کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لی لیکن ایسا کافی کم دیکھنے میں آیا کہ ڈرامہ کے اداکاروں کے ساتھ ساتھ مصنف کی بھی کافی پذیرائی ہوئی ہو۔ ڈرامہ میرے پاس تم ہو ان میں سے ایک ہے۔
مقبولیت کے تمام ریکارڈز توڑنے والے ڈرامہ نے پہلی قسط سے ہی لوگوں کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لی تھی جبکہ ڈرامہ اب اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، صرف ایک قسط باقی رہ گئی ہے جو مداح آنے والے ہفتے کی شب آٹھ بجے دیکھ سکیں گے۔
میرے پاس تم ہو کے مصنف خلیل الرحمان قمر کے ایک انٹرویو کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے ڈرامہ کی آخری قسط سے متعلق بات کی ہے۔ اس ویڈیو میں ڈرامہ کے مصنف یہ کہہ رہے ہیں کہ خدا گواہ ہے ڈرامے کا آخری سین لکھتے ہوئے میں رو رہا تھا اور اور میرے ہاتھ کانپ رہے تھے۔ آپ دیکھتے جائیے کیا تماشہ ہونے والا ہے، ڈرامے کی ہر قسط اپنی پچھلی قسط سے زیادہ اعلیٰ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آخری قسط سب کی اسی طرح جان لے گی جس طرح اس نے میری جان لی ہے۔
خلیل الرحمان کی اس وائرل ویڈیو نے شائقین کی دلچسپی میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔