نئی نویلی دلہن اقرا عزیز کا نیا ڈرامہ جھوٹی آنے کو تیار ہے۔ ڈرامے کا ٹیزر ہفتے کی شب ڈرامہ 'میرے پاس تم ہو' کے اختتام پر دکھایا گیا۔
جھوٹی کے دو ٹیزر دکھائے گئے جس میں مرکزی کرداروں میں اقرا عزیز اور احمد علی بٹ جلوہ گر ہوئے۔ ڈرامے کی کہانی پاکستان کے انتہائی اہم اور حساس مسئلے پر مبنی ہے جس کی وجہ سے آنے والے ڈرامے کو کافی تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
ٹیزر سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ڈرامے کی کہانی شادی شدہ عورتوں پر گھریلو تشدد کے حوالے سے بولے جانے والے جھوٹ پر ہے۔
ڈرامے کے دو ٹیزرز آن ایئر ہوئے۔ ایک میں احمد علی بٹ اور اقرا عزیز کی شادی سے متعلق ہونے والی باتیں دکھائی گئیں جبکہ دوسرے ٹیزر میں دکھایا گیا کہ اقرا عزیز شیشے کے سامنے کھڑی اپنے اوپر نا ہوئے والے تشدد کا جھوٹا ڈرامہ کرتے ہوئے ہنس رہی ہیں۔
ٹوئٹر پر لوگوں نے اقرا عزیز پر اس ڈرامے میں اداکاری کرنے اور خواتین کے اوپر ہونے والے گھریلو تشدد کا ڈھونگ رچانے پر کافی تنقید کی۔
کچھ مداحوں کا کہنا تھا کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ اقرا ایسے اہم ترین مسئلے کو غلط طریقے میں پیش کرنے والے ڈرامے میں کردار ادا کریں گی۔ لوگوں کی طرف سے ڈرامے کی ٹیم پر پاکستانی سماج کے اہم مسئلے کو غلط انداز میں پیش کرنے کا الزام بھی لگایا گیا ہے