خلیل الرحمان قمر کا تحریر کردہ ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ ہر قسط کے ساتھ مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کررہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین ڈراما دیکھنے کے بعد بھی اس کے سحر سے نکل نہیں پاتے۔
ہر قسط کے ساتھ ٹوئٹرصارفین کے پاس ایک نیا مشغلہ ہاتھ آجاتا ہے۔ قسط نمبر 16 میں ٹھنڈے مزاج کے حامل دانش (ہمایوں سعید ) کے شہوار (عدنان صدیقی ) کو تھپڑ مارنے نے انٹرنیٹ کو خوب گرمایا۔ دانش کی جانب سے گھر بیچ کر 77 لاکھ کے شیئرز خریدنے نے ٹوئٹرصارفین کو دلچسپ میمز بنانے کیلئے موضوع فراہم کردیا۔
بیوی کی بیوفائی برداشت کرنے والے دانش نے اپنا گھر فروخت کرنے کے بعد سارا پیسہ انتقاما اسٹاک ایکسچینج مارکیٹ میں شہوار اینڈ کو کے شیئرز خریدنے میں لگایا ہے جس کے بعد ڈرامے میں قسمت کا ہیر پھیردکھاتے ہوئے دانش کو امیر اور شہوار کو غریب دکھایا جائے گا۔
دلچسپ اتفاق کہ اس کے ساتھ ہی حقیقی زندگی میں بھی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آئی جسے ٹوئٹر صارفین نے دانش صاحب کی انویسٹمنٹ سے خوب جوڑا۔ اسی حوالے سے دلچسپ میمز دیکھیے۔
ڈرامہ ’’میرے پاس تم ہو ‘‘ میں خلیل الرحمان قمر نے عورت کی بیوفائی کا موضوع اجاگرکیا ہے۔
مصنف کے مطابق یہ ڈرامہ لکھتے ہوئے میرے ہاتھ کانپے، آخری سین لکھتے ہوئے آنسو بہہ رہے تھے۔ یہ بہت سارے ،مردوں کی سچی کہانی ہے جن کا میں نے مشاہدہ کیا۔