اقبال کا اصل پیغام نوجوانوں کے نام ہے۔

ہماری ویب  |  Apr 21, 2015

کراچی ۔ اقبال کا اصل پیغام نوجوانوں کے نام ہے۔ یہ بات اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوارا حمد زئی نے سام کیریئر سیکنڈری اسکول گلبرگ کے تحت ہونے والے سالانہ جلسۂ تقسیم اسناد اور یومِ اقبال سیمینار میں صدارتی تقریر کرتے ہوئے کہی جس میں طلبہ اور والدین کے علاوہ مقتدر ادبی اور مذہبی شخصیتوں نے شرکت کی۔ صدر جلسہ نے کہا کہ اقبال کے نزدیک کسی بھی مثبت انقلاب اور نئی تعمیر کا کام نوجوان کے سوا کوئی اور طبقہ کامل جذبے سے نہیں کرسکتا۔ تاہم اقبال کا نوجوان عمر کی بجائے جذبے اور خلوص سے جانا جاتا ہے۔ پروفیسر انوار احمد زئی نے کہا کہ جاوید نامہ میں اقبال کا خطاب اپنے فرزند جاوید اقبال کے حوالے سے ہر عہد کے مسلم نوجوان سے ہے جبکہ خصوصاً آج کے حالات میں ہمارے ملک کے نوجوانوں کو اعتماد کی دولت حاصل کرنے کا بڑا ذریعہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقبال 21 اپریل 1938ء کو اس دنیا سے رخصت ہوئے مگر وہ اپنے کلام کی صورت میں آج بھی نوجوانوں سے ہم کلام ہیں۔ سیمینار میں انٹربورڈ کے ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی کو ان کی بہترین کارکردگی پر خصوصی شیلڈ دی گئی۔ اس موقع پر طلبہ اور طالبات نے اقبال کی زندگی اور کلام پر مشتمل تقریروں کے علاوہ ان کی نظموں پر تیار کئے گئے ٹیبلو پیش کئے جبکہ سلمیٰ عارف اور عارف منور نے اقبال کے فن اور فلسفے پر تقریریں کیں۔
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More