نیپال کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر سندیپ لمیچھانے کو آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے امریکہ کا ویزا نہیں ملا ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق سندیپ لمیچھانے کے ٹی20 ورلڈ کپ میں کھیلنے کے امکانات اُس وقت مدھم ہوئے جب انہیں امریکہ کا ویزا نہ ملا۔
لڑکی سے ریپ کے الزامات کے مقدمے سے بری ہونے کے بعد سندیپ لمیچھانے اگلے مہینے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے نیپالی ٹیم کے سکواڈ کا حصہ بننے کے مضبوط امیدوار تھے۔
مزید پڑھیں
سندیپ لمیچھانے نے بدھ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا کہ ’نیپال میں امریکی سفارت خانے نے ایک مرتبہ پھر وہ کر دیا جو 2019 میں کیا تھا۔ انہوں نے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے میرا ویزا مسترد کر دیا ہے۔ بدقسمتی ہے۔ نیپال کرکٹ کے تمام خیر خواہوں سے میں معذرت کرتا ہوں۔‘
And the @USEmbassyNepal did it again what they did back in 2019, they denied my Visa for the T-20 World Cup happening in USA and West Indies. Unfortunate. I am sorry to all the well wishers of Nepal Cricket. @USAmbNepal @CricketNep. https://t.co/xdBhaY6G91
— Sandeep Lamichhane (@Sandeep25) May 22, 2024
خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے سکواڈ کے اعلان کرنے کی آخری تاریخ 25 مئی ہے۔
سندیپ لمیچھانے کو امریکی سفارت خانے کی جانب سے ویزا نہ ملنے پر ابھی تک کرکٹ ایسوسی ایشن آف نیپال (سی اے این) کا کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔
خیال رہے کہ سندیپ لمیچھانے آخری مرتبہ اپنی قومی ٹیم کے لیے 2023 میں ایکشن میں نظر آئے تھے۔
انہوں نے گزشتہ برس ٹی20 ورلڈ کپ ایشیا کوالیفائرز ٹورنامنٹ میں نو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
دوسری جانب نیپالی ٹیم پہلے سے ہی ویسٹ انڈیز میں موجود ہے اور وہاں ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے تیاریاں کر رہی ہے۔
