’شکر کریں اس مرتبہ کوئی اپ سیٹ نہیں ہوا‘: پاکستان نے امریکہ کو 32 رنز سے شکست دے دی

بی بی سی اردو  |  Feb 10, 2026

اس مرتبہ کوئی ’اپ سیٹ‘ نہیں ہو پایا اور پاکستان نے امریکہ سے پچھلی ہار کا بدلہ لے لیا ہے۔

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ اے کے 12ویں میچ میں پاکستان نے امریکہ کو 32 رنز سے شکست دے دی ہے۔

کولمبو میں کھیلے جا رہے میچ میں امریکہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور امریکی ٹیم کے کپتان نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پاکستان نے 20اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے اور امریکہ کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا تھا۔

صاحبزادہ فرحان نے 41 گیندوں پر 73 رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

امریکہ کے خلاف میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور سلمان مرزا کی جگہ عثمان طارق کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جنھوں نے اس میچ میں سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کی ہیں۔

پاکستان ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، سلمان آغا، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، عثمان طارق اور ابرار احمد شامل تھے۔

یاد رہے پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ امریکہ کو انڈیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

امریکہ کی اننگز پر ایک نظر

امریکہ کی جانب سے شبھم رانجانے نے سب سے زیادہ رنز سکور کیے۔ انھوں نے 30 بالوں پر 51 رنز بنائے اور شاہین آفریدی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

امریکی کھلاڑی شایان جہانگیر 34 بالوں پر 49 رنز بنا کر شاداب کی گیند پر شاہین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے چار اوورز میں 27 رنز دے کرتین وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے علاوہ شاداب نے دو، محمد نواز، ابرار اور شاہین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے 20اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے

امریکہ کے خلاف پاکستان کا آغاز اچھا رہا۔ صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کے درمیان 54 رنز کی اوپننگ شراکت داری قائم ہوئی۔

تاہم 54 کے مجموعی سکور پر صائم ایوب 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کپتان سلمان علی آغا کریز پر آئِے مگر وہ بھی ایک رن بنا کر آوٹ ہو گئے۔

سوشل میڈیا پر صحابزادہ فرحان اور بابر اعظم کی شراکت داری کی کافی تعریف کی جا رہی ہے۔

صاحبزادہ فرحان نے 41 گیندوں پر 73 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم 32 گیندوں پر 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شاداب خان 12 گیندوں پر 30 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

امریکی بالر شیڈلی وین شالک ویک نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔

انھوں نے صائم ایوب، شاداب، فہیم اشرف اور آغا سلمان کو آؤٹ کیا۔

’شکر کریں اس مرتبہ کوئی اپ سیٹ نہیں ہوا‘

یاد رہے سنہ 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکہ نے پاکستان کو شکست دی تھی۔

پاکستان کی جیت کے بعد کئی صارفین اسی جانب اشارہ کرتے ہوئے یہ کہتے نظر آئے کہ شکر کریں اس مرتبہ کوئی اپ سیٹ نہیں ہوا۔

کئی صارفین کا یہ بھی ماننا ہے کہ پاکستان نے آج پچھلی ہار کا بدلہ لے لیا ہے۔

سوشل میڈیا پر صاحبزادہ فرحان اور بابر کی شراکت داری کا کافی چرچا ہے۔

صاحبزادہ فرحان نے محض 27 گیندوں پر اپنی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کریئر کی نویں نصف سنچری مکمل کی۔

امیر حیات نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ ’صاحبزادہ فرحان کی یہ بہت شاندار اننگز ہے۔۔۔ انھوں نے 41 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔ ان کے پانچ چھکے اس اننگز کی نمایاں جھلک رہے۔‘

کچھ صارفین کا ماننا ہے کہ اس وکٹ پر 200 رنز باآسانی بن جانے چاہیے تھے اور کچھ بابر اعظم کی بعد یکے بعد دیگے آؤٹ ہونے والوں کے متعلق شکوہ کرتے نظر آئے کہ ’بابر کے بعد لائن ہی لگ گئی۔‘

سوشل میڈیا پر صارفین امریکی بالرشیڈلی وین شالک ویک کی بالنگ کو سراہ رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ امریکہ کے شیڈلی وین شالک ویک کے کیریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔۔۔ میچ کے آخری لمحات میں پاکستان کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گر گئیں۔‘

ملتان سلطانز دو ارب 45 کروڑ میں فروخت، نیا نام’راولپنڈی‘ اور علی ترین کی مایوسی: ’آج ایک اور شخص نظام کے ہاتھوں ہار گیا‘ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور غیر ملکی ٹیموں کے لیے کھیلنے والے پاکستانی نژاد کرکٹرز: ٹیلنٹ پول کی نشاندہی یا کرکٹ کے نظام میں خرابی؟’شکریہ شہباز شریف‘: پی سی بی اور آئی سی سی میٹنگ میں ایسا کیا ہوا کہ پاکستان نے انڈیا کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ بدل دیا؟T20 ورلڈ کپ: آپ اپنے پسندیدہ کرکٹرز کے بارے میں کتنا جانتے ہیں؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More