Getty Imagesدھرمیندر ہسپتال سے گھر جا چکے ہیں
موت کا ایک دن متعین ہے مگر محاورتاً اکثر یہ بھی کہا جاتا ہے ناں کہ جب کسی کی موت کی جھوٹی خبر پھیلتی ہے تو اس کی زندگی میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ حقیقت میں شاید ایسا نہ ہوتا ہو لیکن ایسی خبروں سے بیمار شخص کے اہلِ خانہ کو ضرور تکلیف ہوتی ہے۔
گذشتہ روز انڈیا کے معروف اداکار دھرمیندر کے حوالے سے بھی ایسی ہیں خبریں پھیلیں، جس سے ان کے چاہنے والوں کو بھی یقیناً تکلیف کا سامنا کرنا ہی پڑا ہوگا۔
اس سے قبل جب بالی وڈ کے معروف گلوکار منا ڈے ہسپتال میں داخل ہوئے تھے تو ایک صبح ’ریسٹ ان پیس، منا ڈے‘ دیکھ کر مجھے بہت افسوس ہوا تھا۔ انڈیا کے بہت سے نامور صحافیوں نے بھی ان کی موت پر ٹویٹ کیا تھا، لیکن مجھے اس وقت تک انتظار کرنا تھا جب تک کہ ہسپتال سے یا ان کے اہل خانہ کی جانب سے موت کی تصدیق نہیں ہو جاتی۔
چنانچہ میں نے ہسپتال سے رابطہ کیا اور پھر پتا چلا کہ منا ڈے کی حالت بہتر ہو رہی ہے اور وہ زندہ ہیں۔ بہر حال کوئی ایک ماہ کے عرصے بعد ہی 94 سال کی عمر میں ان کی وفات ہو گئی تھی۔
اسی طرح ایک بار رات کے تقریباً ایک بجے مجھے گھر پر فون آیا کہ معروف شاعر احمد فراز نہیں رہے ہیں، مجھے کہا گیا کہ چونکہ آپ نے ان کے کئی بار انٹرویوز کیے ہیں اس لیے ان کی زندگی پر کچھ لکھ دیں۔
رات کے تین بجے تک میں احمد فراز کی زندگی کے سفر کا احاطہ کرتا رہا اور پھر سٹوری بھیج کر سو گیا۔
صبح جب جاگا تو ایسی کوئی خـبر نہیں تھی، جس سے مجھے طمانیت کا احساس ہوا۔ لیکن پھر کچھ دنوں بعد ان کی امریکہ میں ہی وفات ہو گئی۔
اسی طرح گذشتہ روز بالی وڈ کے سدا بہار اداکار دھرمیندر کی وفات کی خبریں گردش کرنے لگیں۔ بہت سے انڈین میڈیا ہاؤسز نے ان کے حوالے سے خبریں شائع کر دیں اور تعزیتی پیغامات نشر کیے۔
یہاں تک کہ انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ لیکن پھر انھیں اپنی سوشل میڈیا پوسٹ سے دستبردار ہونا پڑا۔ اسی طرح اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی ادتیا ناتھ نے بھی اداکار کے لیے تعزیتی پیغام جاری کیا۔
معروف نغمہ نگار اور سکرپٹ رائٹر جاوید اختر کی سوشل میڈیا پوسٹ کا سکرین شاٹ بھی گردش کر رہا تھا، لیکن جب میں نے ان کے اکاؤنٹ پر جا کر دیکھا تو وہ پوسٹ وہاں نہیں تھی، شاید وہ انھوں نے ڈیلیٹ کر دی تھی۔
اہل خانہ کی مرضی پر ہسپتال سے رخصتی
اداکار دھرمیندر گذشتہ کئی دنوں سے سانس لینے میں تکلیف اور نمونیا کی وجہ سے بہت علیل تھے اور انھیں ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
لیکن آج بدھ کی صبح ہسپتال نے یہ خبر دی ہے کہ دھرمیندر کو ان کے اہل خانہ کی خواہش پر ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے اور اب ان کا علاج گھر پر ہی ہوگا۔
دھرمیندر کو تقریباً تین ہفتے قبل سانس لینے میں دشواری اور نمونیا کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔
بریچ کینڈی میں دھرمیندر کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کی ٹیم میں سے ایک ڈاکٹر پرتیک صمدانی نے بی بی سی ہندی کو بتایا کہ بدھ کی صبح دھرمیندر کو بریچ کینڈی ہسپتال سے گھر لے جایا گیا ہے۔
جب بی بی سی ہندی نے پوچھا کہ کیا دھرمیندر کی حالت اب بھی نازک ہے یا بہتر ہے تو ڈاکٹر صمدانی نے بس اتنا کہا کہ ’میں اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا اور انھیں لے جانے کا فیصلہ خاندان کا تھا۔‘
اس سے قبل منگل کو جب دھرمیندر کی موت کی افواہ پھیلی تو ان کی بیٹی اداکارہ ایشا دیول اور اہلیہ اداکارہ ہیما مالنی نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا جبکہ ان کے بیٹے سنی دیول نے بتایا تھا کہ ان کی طبیعت بحال ہو رہی ہے۔
دھرمیندر کی اہلیہ اداکارہ اور ایم پی ہیما مالنی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: ’جو کچھ ہو رہا ہے وہ ناقابل معافی ہے! ذمہ دار چینل ایسے شخص کے بارے میں جھوٹی خبریں کیسے پھیلا سکتے ہیں جو زیر علاج ہے اور صحت یاب ہو رہا ہے؟‘
انھوں نے مزید لکھا: ’یہ انتہائی تضحیک آمیز اور غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔ براہِ کرم خاندان اور ان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔‘
ایک حسینہ سے بدسلوکی، باقیوں کا احتجاجی واک آؤٹ: مس یونیورس مقابلے کو متنازع بنانے والے نوات اِتسراگریسل کون ہیں؟’شوہر کو پسند نہیں تو نہ ملے اپنے کزن سے‘: پامال ڈرامے میں شوہر کا ’ہاٹ اینڈ کولڈ‘ رویہ اور صارفین کی منقسم آراشاہ بانو کیس: عمران ہاشمی کی فلم ’حق‘ کے پیچھے کیا کہانی ہے؟پاکستانی ڈراموں میں کزن میرج: ’کہانی چچا، خالہ کی بیٹی سے شادی کے گرد کیوں گھومتی رہتی ہے؟‘
اس سے قبل پیر کو انھوں نے ایکس پر لکھا تھا: ’میں دھرم جی کے بارے میں فکر کرنے والے لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ ان کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور ہم سب اس کے ساتھ ہیں۔ میری آپ سب سے درخواست ہے کہ ان کی صحت یابی اور جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔‘
اداکارہ ایشا دیول نے بھی اسی قسم کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام پر لکھا: ’میڈیا بہت جلدی میں ہے اور جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے۔ میرے والد کی حالت مستحکم ہے اور وہ صحت یاب ہو رہے ہیں۔ ان کی اچھی صحت کے لیے آپ کی دعاؤں کا شکریہ۔‘
Getty Imagesدھرمیندر اپنے بیٹوں سنی دیول اور بوبی دیول کے ساتھمیڈیا کو تنقید کا سامنا
ہیما مالنی کی سوشل میڈیا پوسٹ کے جواب میں کئی لوگوں نے لکھا کہ میڈیا کو اپنی اصلاح کی ضرورت ہے۔ بٹو شرما نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’جب خود پر بیتی تو درد ہوا۔ 11 سالوں میں یہ احساس نہیں ہوا کہ میڈیا جھوٹ پھیلا رہا ہے۔‘
ایک اور صارف نے لکھا: ’یہ واقعی افسوسناک ہے اور یہ سن کر خاندان والوں کے ساتھ جو گزری ہو گی اس پر افسوس ہوتا ہے۔‘
’لیکن ٹویٹر پر شکایت کرنے کے بجائے، جب آپ کے ذاتی محاذ پر معاملات طے پا جائیں تو یاد رکھیں کہ آپ حکومت میں ہیں، اس لیے سخت محنت کریں اور میڈیا ریفارم بل لانے پر زور دیں۔‘
پون یادو نامی ایک صارف نے لکھا: ’ہمارے میڈیا کے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ وہ خبر کی تصدیق کر سکے یا رپورٹ کرنے سے پہلے حقائق کو چیک کر سکے، وہ بس ٹی آر پی حاصل کرنے کی جلدی میں ہے۔ بہتر ہے کہ آپ ان کے مالکان کو کال کریں۔‘
سوشل میڈیا پر لوگ اس وقت دھرمیندر اور ان کی یادگار فلموں کا تذکرہ بھی کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے صحافی ابھیسار شرما کی معافی کی ویڈیو ڈالتے ہوئے لکھا: ابھی سب معافی مانگیں گے۔۔۔ لیکن کسی کو معافی نہیں ملے گی۔'
ابھیسار شرما نے کہا تھا کہ ان سے غلطی ہو گئی لیکن دھرمیندر تو بی جی پی کی رکن پارلیمان ہیما مالنی کے شوہر ہیں۔ کیا راج ناتھ سنگھ یا یوگی آدتیہ ناتھ کو اس کی خبر نہیں تھی کہ انھوں نے دھرمیندر کو شردھانجلی دے دی؟
کچھ لوگ دھرمیندر کی تصویر کے ساتھ لکھ رہے ہیں: ’زندہ ہوں۔۔۔ ٹی آر پی کے چکر میں ہر گھنٹے مجھے مارنا بند کرو۔‘
ایک صارف نے لکھا کہ ’اب وکی پیڈیا پر بھی بھروسہ نہیں رہا۔ سب جھوٹی خبریں چلاتے ہیں۔‘
Getty Imagesدھرمیندر کو ہسپتال میں دیکھنے آنے والوں میں عامر خان اور شاہ رخ بھی شامل تھےشاہ رخ، سلمان اور عامر عیادت کو پہنچے
بہر حال دھرمیندر کی طبیعت کی ناسازی نے ان کے چاہنے والوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا تھا۔ یہاں تک کہ سلمان خان، جو دھرمیندر کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں، انھیں بھی پیر کی شام دیر گئے بریچ کینڈی ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
دھرمیندر کے ساتھ کئی فلموں میں کام کرنے والے اداکار گووندا بھی رات گئے دھرمیندر سے ملنے گئے۔
لیکن آج یہ خبر آئی ہے کہ دھرمیندر کو تو ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے، لیکن اداکار گوندہ خود سانس میں تکلیف کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہو گئے ہیں۔
معروف اداکار عامر خان اور ان کی گرل فرینڈ گوری پریٹ بھی سوموار کو دھرمیندر کی عیادت کے لیے ہسپتال پہنچے تھے۔
اس سے قبل شاہ رخ خان اپنے بیٹے آرین خان کے ساتھ دھرمیندر کی عیادت کے لیے ہسپتال گئے تھے۔
جب سے دھرمیندر کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے تب سے اب تک نہ تو ہسپتال نے اور نہ ہی ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں نے ان کی صحت کے حوالے سے کوئی ہیلتھ بلیٹن جاری کیا ہے۔
’ابھرتے ٹیلنٹ کی مدد کریں‘: گلوکار فلک شبیر کی ’پاکستان آئیڈل‘ کو اپنے گانے استعمال کرنے کی اجازت ’میں دہشت گرد نہیں ہوں‘: سنجے دت کا ’جنون کی حد تک اسلحے کا شوق‘ جو انھیں جیل لے گیارمشا خان کا ’بریانی‘ میں مڈل کلاس لڑکی کا کردار: ’ہیروئن اگر بغیر آستین کے کپڑے پہن لے تو عوام اِس کو تسلیم نہیں کرتے‘’بوٹس‘: امریکی فوج میں ہم جنس پرستوں کی خفیہ تاریخزوبین گرگ: انڈین گلوکار کی موت پر اٹھتے سوالات اور پاکستان میں خراج عقیدت