پشاور میں فائرنگ سے بی آر ٹی کا سکیورٹی گارڈ ہلاک، ’شادی کے کارڈ چھپ چکے تھے‘

اردو نیوز  |  Oct 30, 2025

پشاور کی بی آر ٹی سروس میں بطور سکیورٹی گارڈ ملازمت کرنے والے نوجوان کو ڈیوٹی سے گھر جاتے ہوئے مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا۔

ٹرانس پشاور کی ترجمان صدف کامل نے اُردو نیوز کو بتایا کہ 20 سالہ محمد عاصم نامی نوجوان بی آرٹی بس سٹیشن پر سکیورٹی کے فرائض انجام دیتا تھا اور ایک سال سے اس کمپنی میں ملازمت کررہا تھا۔

ٹرانس انتظامیہ نے بتایا کہ محمد عاصم مختلف بس سٹیشنز پر ڈیوٹی دیتا تھا۔

’گذشتہ رات 11 بجے وہ ڈیوٹی سے فارغ ہو کر گھر واپس جا رہا تھا کہ رستے میں اسے گولی مار کر قتل کردیا گیا۔‘

پولیس سٹیشن چمکنی میں درج ایف آئی آر میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

چمکنی کے سماجی ورکر نقیب اللہ نے بتایا ہے کہ ’نوجوان کی 16 نومبر کو شادی طے تھی جبکہ دعوتِ ولیمہ کے لیے کارڈ بھی چھپ چکے تھے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان کی کسی کے ساتھ دشمنی نہیں تھی اس لیے واقعہ بظاہر راہزنی کا لگ رہا ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور تمام شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس کا کہنا ہے مقتول کے پاس موٹرسائیکل، اے ٹی ایم کارڈ اور نقد رقم موجود تھی۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ راہزانی کا تھا یا نہیں، ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہیں جس کے بعد حقائق سامنے آ سکیں گے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More