بنگال اور بہار میں انتخابات سے پہلے انڈین فوجی قیادت اشتعال انگیز پروپیگنڈے کو دہرا رہی ہے، آئی ایس پی آر

اردو نیوز  |  Oct 15, 2025

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے پانچ ماہ گزرنے کے بعد انڈین فوجی قیادت نے من گھڑت، جھوٹے اور اشتعال انگیز پروپیگنڈے کو دہرانا شروع کر دیا ہے جو ہر مرتبہ انڈیا میں ریاستی انتخابات سے پہلے کیا جاتا ہے۔

بدھ کو جاری بیان میں آئی ایس پی آر نے مغربی بنگال اور بہار کے ریاستی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شدید سیاسی دباؤ کے تحت جوہری ملک کی فوجی قیادت کی جانب سے غیرذمہ دارانہ بیانات دینا افسوسناک ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انڈین عوام اور بین الاقوامی سامعین کو سنائے جانے والے جھوٹ نے انڈین عسکری مشینری کو قابلِ تضحیک بنا دیا ہے۔

’کسی بھی پروفیشنل فوجی کو یہ معلوم ہوگا کہ غیرضروری طور پر شیخی بگھارنے اور بیان بازی سے محض حب الوطنی پر مبنی اشتعال انگیز بیانات کا ایک دور شروع ہو جائے گا جو جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔‘

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ واضح طور انڈین قیادت بالی ووڈ طرز کے غیرمعقول سکرپٹ ایجاد کر کے تاریخ کو اپنی پسند کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کر رہی ہے۔

’ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انڈین فوج اور سیاسی قیادت معرکہ حق میں فیصلہ کن شکست کو تسلیم نہیں کر پا رہی اور یہ کہ ان کا جھوٹ پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دنیا اب انڈیا کو سرحد پار دہشت گردی کے حقیقی چہرے اور علاقائی عدم استحکام کے مرکز کے طور پر پہچان گئی ہے، جو مہم جوئی اور تسلط کی پالیسی پر تلا ہوا ہے  جو انڈین عوام اور اس کے پڑوسیوں کے لیے نقصان دہ ہے۔

’انڈین افواج اور سیاسی قیادت کو سوچنا چاہیے کہ پاکستانی عوام اور اس کی مسلح افواج اپنی زمین کے چپے چپے کا بھرپور عزم کے ساتھ دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔‘

آئی ایس پی آر نے کہا کہ جارحانہ اقدام کا فوری، پرعزم اور شدید ردعمل دیا جائے گا جو آئندہ کی نسلیں یاد رکھیں گی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More