’موجودگی کی اطلاع دیں‘، انڈیا کے کھانسی کے تین شربت مضر صحت قرار

اردو نیوز  |  Oct 14, 2025

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے جاری ہونے والی ایک ہیلتھ ایڈوائزری میں انڈیا کے تین کھانسی کے شربتوں کو ’آلودہ‘ اور مضر صحت قرار دیا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ادارے نے دیگر ممالک کے حکام کو انتباہ کرتے ہوئے ان پر زور بھی دیا ہے کہ وہ اپنے ہاں ان ادویات کی موجودگی کے بارے میں ہیلتھ ایجنسی کو اطلاع دیں۔

ڈبیلو ایچ او کا کہنا ہے کہ متاثرہ ادویات میں سریسان فارماسیوٹیکل کی کولڈ ریف، ریڈینیکس کمپنی کی ریسپیفریش اور شیپ فارما کی ری لائف شامل ہیں۔

ادارے کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ آلودہ یا متاثرہ اشیا ایک بڑا خطرہ ہوتی ہیں اور نقصان کا باعث بن سکتی ہیں اور ممکنہ طور پر جان لیوا بیماری کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔

انڈیا کی ہیلتھ اتھارٹی سینٹرل ڈرگ سٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن نے عالمی ادارہ صحت کو مطلع کیا کہ مذکورہ شربت مبینہ طور پر جنوبی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع چھندواڑہ میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو دیے گئے تھے جو حال ہی میں انتقال کر گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق شربت میں زہریلے ڈائی تھیلین گلائیکول کی مقدار مقررہ حد سے تقریباً 500 گنا زیادہ تھی۔

سینٹرل ڈرگ سٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کوئی بھی آلودہ یا مضر صحت دوا کو ملک سے باہر نہیں بھجوایا گیا ہے جبکہ غیرقانونی طور پر اس کو بیرون ملک بھجوانے کے بھی کوئی شواہد نہیں ہیں۔

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جمعے کو تصدیق کی گئی تھی کہ یہ متاثرہ ادویات امریکہ نہیں پہنچی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More