ضلع اورکزئی میں آپریشن، فتنہ الخوارج کے 30 شدت پسند ہلاک: آئی ایس پی آر

اردو نیوز  |  Oct 10, 2025

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے انڈیا کے سپانسرڈ فتنہ الخوارج کے تمام 30 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔‘

جمعے کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’سکیورٹی فورسز نے 7 اکتوبر کو ضلع اورکزئی میں پیش آنے والے ہولناک واقعے میں ملوث خوارج کے خلاف مسلسل کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

’اس واقعے میں وطن کے بہادر سپوت، لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت سمیت 11 جوان شہید ہو گئے تھے۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ضلع اورکزئی کے علاقے جمال مایہ میں کی جانے والی کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد انڈیا کے سپانسرڈ فتنہ الخوارج کے تمام 30 شدت پسندوں کو انجام تک پہنچا دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیاب آپریشن نہ صرف اس سفاکانہ واقعے کا بدلہ ہے بلکہ اس کے اصل منصوبہ سازوں کو کیفرِ کردار تک پہنچا دیا گیا ہے۔

’علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی انڈیا کے سپانسرڈ فتنہ دہشت گرد کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق ’پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے انڈیا کی سپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم اور ثابت قدم ہیں۔‘

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی ضلع اورکزئی میں پاکستانی فوج کے آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو مبارک باد پیش کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’قوم دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک دشمن عناصر کو پاکستان میں کسی بھی جگہ چھپنے نہیں دیں گے۔‘

واضح رہے کہ پاکستانی فوجی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے دو روز قبل بتایا تھا کہ سات اور آٹھ اکتوبر کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں انٹیلی کی بنیاد پر کارروائی کی گئی جس میں 19 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More