ضلع اورکزئی میں آپریشن، لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 اہلکار جان سے گئے

اردو نیوز  |  Oct 08, 2025

افواجِ پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی انٹلیجنس کی بنیاد پر ضلع اورکزئی میں کارروائی کے دوران ’انڈیا کی پراکسی فتنہ خوارج سے تعلق رکھنے والے 19 شدت پسند مارے گئے جبکہ کرنل اور میجر سمیت 11 اہلکار بھی جان سے گئے۔

بدھ کی دوپہر راولپنڈی میں آئی ایس پی آر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق سات اور آٹھ اکتوبر کی درمیان شب علاقے میں شدت پسندوں کی موجودگی کی انٹیلیجنس اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔

’آپریشن کے دوران انڈیا کے سپانسرڈ فتنہ الخوارج کے 19 شدت پسند سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مارے گئے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تاہم ’شدید فائرنگ کے تبادلے میں 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل اور 33 سالہ میجر طیب راحت بہادری سے کمانڈ کرتے ہوئے اپنے 9 دیگر اہلکاروں کے ساتھ شہید ہو گئے۔‘

فوج کے دونوں افسران کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ’دیگر جن 9 اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اُن میں نائب صوبیدار اعظم گُل، نائیک عادل حسین، نائیک گُل امیر، لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک طالش فراز، لانس نائیک ارشاد حسین، سپاہی طفیل خان، سپاہی عاقب علی اور سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ ’ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں دہشت گردی کے عفریت کو جڑ اسے اکھاڑنے کے فوج کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔‘

افغانستان کی سرحد کے قریب اس علاقے میں یہ حالیہ عرصے میں پاکستان کی فوج کی ایک بڑی کارروائی ہے جس میں اتنی اموات ہوئی ہیں۔

ماضی میں پاکستان کے ایسے حملوں کے بعد افغانستان سے تعلقات کشیدگی کا شکار ہو چکے ہیں اور دونوں اطراف سے معاملات کو بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا جاتا رہا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More