غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک امریکہ نے اسرائیل کو 21.7 ارب ڈالر کی فوجی امداد دی ہے: رپورٹ

اردو نیوز  |  Oct 07, 2025

ایک نئی تحقیق کے مطابق امریکہ نے بائیڈن اور ٹرمپ انتظامیہ کے دوران غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیل کو کم از کم 21.7 ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کی ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ایک اور تحقیق، جو براؤن یونیورسٹی کے واٹسن سکول آف انٹرنیشنل اینڈ پبلک افیئرز کے ’کاسٹ آف وار‘ پروجیکٹ کے تحت شائع ہوئی ہے، کے مطابق امریکہ نے گزشتہ دو سالوں میں مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی امداد اور فوجی کارروائیوں پر تقریباً 10 ارب ڈالر اضافی خرچ کیے ہیں۔

اگرچہ ان رپورٹوں میں زیادہ تر نتائج اوپن سورس مواد پر مبنی ہیں، لیکن یہ امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو دی گئی فوجی امداد اور مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی مداخلت کے اخراجات کا سب سے جامع تجزیہ پیش کرتی ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اکتوبر 2023 کے بعد اسرائیل کو دی جانے والی امداد پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ وائٹ ہاؤس نے سوالات پینٹاگون کی جانب موڑ دیے، جو اس امداد کے صرف ایک حصہ کی نگرانی کرتا ہے۔

یہ رپورٹیں، جو کانگریس کو دی گئی عوامی اطلاعات پر مبنی ہیں، ایسے وقت پر جاری کی گئیں جب سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے زور دے رہے ہیں۔ اس ہفتے مصر میں اسرائیلی اور حماس حکام کے درمیان بالواسطہ مذاکرات شروع ہوئے ہیں، کیونکہ حماس نے امریکی منصوبے کے کچھ نکات تسلیم کر لیے ہیں، جنہیں اسرائیل نے بھی اصولی طور پر قبول کیا ہے۔

ان رپورٹس کے مطابق امریکی امداد کے بغیر اسرائیل غزہ میں حماس کے خلاف اپنی بھرپور فوجی مہم جاری نہیں رکھ سکتا تھا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مختلف دوطرفہ معاہدوں کے تحت آئندہ برسوں میں اسرائیل کے لیے اربوں ڈالر کی مزید فنڈنگ متوقع ہے۔

مرکزی رپورٹ کے مطابق، امریکہ نے جنگ کے پہلے سال میں، جب صدر بائیڈن اقتدار میں تھے، اسرائیل کو 17.9 ارب ڈالر دیے، اور دوسرے سال میں 3.8 ارب ڈالر فراہم کیے۔ اس امداد کا کچھ حصہ پہلے ہی دیا جا چکا ہے جبکہ باقی آئندہ برسوں میں فراہم کیا جائے گا۔

یہ رپورٹ واشنگٹن میں قائم کوئنسی انسٹیٹیوٹ فار ریسپانسبل سٹیٹ کرافٹ کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔

ایک دوسری رپورٹ میں امریکہ کی مشرق وسطیٰ میں دیگر سرگرمیوں، جیسے یمن میں حوثی باغیوں اور ایران میں جوہری تنصیبات پر حملوں، پر ہونے والے اخراجات کا جائزہ لیا گیا ہے، جس کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے ان اخراجات کا تخمینہ 9.65 ارب ڈالر سے 12 ارب ڈالر کے درمیان ہے، جن میں سے ایران پر جون میں کیے گئے حملوں اور متعلقہ اخراجات کے لیے 2 ارب سے 2.25 ارب ڈالر خرچ ہوئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More