حکومت خیبر پختونخوا نے بلین ٹری سونامی کے بعد جنگلی حیات کی بحالی کا منصوبہ متعارف کرا دیا ہے جو اپنی نوعیت کا ملک میں پہلا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کا مقصد صوبے میں ماحولیاتی توازن قائم کرنا اور قدرتی جنگلات میں معدوم ہوتی جنگلی حیات کو دوبارہ آباد کرنا ہے۔
معاونِ خصوصی اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ منصوبے کے تحت کوہاٹ کے جنگلات میں بلیک بک اور چنکارا کو چھوڑا گیا ہے جبکہ جنگلی حیات کی مسلسل مانیٹرنگ کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی کے ثمرات اب جنگلی حیات کی واپسی کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں اور یہ منصوبہ دیگر جنگلی حیات کی بحالی کا بھی راستہ ہموار کرے گا۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ جنگلی حیات کی بحالی ماحولیاتی توازن قائم کرنے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔