غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی، گلیات میں دو عمارتیں، 31 ہوٹل سیل

ہماری ویب  |  Sep 17, 2025

گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) نے چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کے گڈ گورننس روڈ میپ وژن کے تحت ایبٹ آباد میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو کثیر المنزلہ عمارتوں سمیت 31 ہوٹلز سیل کردیئے۔

یہ کارروائی صوبے کے سیاحتی مقامات کو ناجائز قبضوں اور بے قاعدہ تعمیرات سے محفوظ رکھنے کی جاری مہم کا حصہ ہے۔

ایبٹ آباد کے موضع تاجوال میں "فلٹیز" اور کوزہ گلی میں 12 منزلہ عمارت کو جی ڈی اے ایکٹ 2016 (ترمیم شدہ 2020) اور بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2020 کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا۔ ان منصوبوں میں منظور شدہ نقشے سے انحراف، پارکنگ ریمپ کی عدم موجودگی، ڈھانچاتی منزلوں کو رہائشی جگہوں میں بدلنا، اجازت شدہ تعمیراتی حدود سے تجاوز اور غیر منظور شدہ منزلوں کا اضافہ جیسی سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

کارروائی کے دوران تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 31 ہوٹلز کو سیل کیا گیا جبکہ مزید قانونی کارروائی کے لیے خلاف ورزی کرنے والوں کے قومی شناختی کارڈ بھی تحویل میں لے لیے گئے۔

نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) کی رپورٹ میں ان خلاف ورزیوں کی تصدیق کی گئی تھی جبکہ متعدد نوٹسز کے باوجود مالکان نے ہدایات پر عمل نہیں کیا۔ جی ڈی اے نے عمارت مالکان کو پندرہ روز کے اندر اسٹرکچرل اسٹیبلیٹی سرٹیفکیٹ اور زمینی مٹی کے تجزیے کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے، بصورت دیگر سیکشن 26 کے تحت مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں بیس لاکھ روپے تک جرمانہ اور تین سال تک قید کی سزا شامل ہو سکتی ہے۔

جی ڈی اے کے مطابق غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ عوام اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی منصوبے کے آغاز سے قبل ضروری منظوری حاصل کریں تاکہ گلیات کے قدرتی حسن اور منصوبہ بند ترقی کو محفوظ رکھا جاسکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More