اسلام آباد میں زیر سماعت سامعہ حجاب کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے متاثرہ خاتون سامعہ حجاب نے مرکزی ملزم حسن زاہد کو مشروط طور پرمعاف کرنے کردیا۔
عدالت میں بیان دیتے ہوئے سامعہ حجاب نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر مزید قانونی کارروائی نہیں چاہتیں لیکن معافی کی یہ پیشکش مخصوص شرائط کے ساتھ مشروط ہے۔ انہوں نےکہا کہ حسن زاہد کو اپنی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے آئندہ مثبت رویہ اپنانے اور یہ یقین دہانی کرانی ہوگی کہ وہ دوبارہ کسی بھی تنازع یا ایسے واقعے میں ملوث نہیں ہوں گے۔
سامعہ حجاب نے مزید کہا کہ ان کا مقصد قانونی جنگ کو طول دینا نہیں بلکہ معاملے کو بہتر انداز میں ختم کرنا ہے۔
دوسری جانب حسن زاہد کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کے موکل سامعہ حجاب کی تمام شرائط تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں اور عدالت میں باضابطہ یقین دہانی بھی کرائیں گے۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ سامعہ حجاب کی مشروط معافی کے بعد عدالت کیس کے حتمی فیصلے میں نرمی برت سکتی ہےلیکن شرائط پر عمل درآمد کا جائزہ لینا لازمی ہوگا۔