لائیو: دریائے چناب اور راوی کے بہاؤ میں مزید اضافہ، لاہور کے ملحقہ علاقے ’ہائی رسک‘ قرار

اردو نیوز  |  Aug 29, 2025

اہم نکات

سیلابی ریلوں کی آمد کے باعث دریائے چناب اور راوی کے بہاؤ میں مزید اضافہ

ضلع شیخوپورہ​ اور لاہور کے ملحقہ علاقے ہائی رسک ایریاز میں شامل

پاکستان بھر میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ سیلابی ریلوں کی آمد کے باعث دریائے چناب کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے جبکہ دریائے راوی میں بھی پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے۔

دریائے چناب کے بہاؤ میں اضافے کے باعث31 اگست کو دوپہر 4 بجے کے قریب تریمو بیراج پر پانی کا بہاؤ 7لاکھ سے 8لاکھ کیوسک تک متوقع ہے جس کی وجہ سے شدید سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

ممکنہ شدید سیلابی صورتحال جھنگ اور اس کے ملحقہ علاقوں کو متاثر کرے گی۔

یہ سیلابی ریلے 3 ستمبر کی دوپہر تک پنجند تک پہنچیں گےجہاں 6لاکھ 50ہزار سے7لاکھ کیوسک کا بہاؤ متوقع ہے۔ ممکنہ متاثرہ اضلاع حافظ آباد، چنیوٹ، ملتان، پنجنداور بہاولپور کے علاقوں میں انخلاء کی کےلئے ہدایات جاری۔

چناب دریا کے بائیں کنارے پر واقع 18 ہزاری کا علاقہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیئے بریچنگ سائیٹ کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ 

دریائے راوی میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ متوقع

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے راوی میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے۔ آج 29 اگست کو صبح 7 بجے بلاکی بیراج پر1لاکھ 50 ہزار سے 2لاکھ کیوسکز کے درمیان بلند سطح کا سیلاب آیا۔

یکم ستمبر تک سیلابی ریلہ سدھنائی تک پہنچے گا جو خطرناک حد تک 1لاکھ 25ہزار سے 1لاکھ 50ہزار کیوسک تک رہنے کا امکان ہے۔

ہائی رسک یونین کونسلز میں لاہور کے علاقے شاہدرہ، کوٹ محبو، جیا موسیٰ، عزیز کالونی، قیصر ٹاؤن، فیصل پارک، دھیر، کوٹ بیگم شامل ہیں۔ ضلع شیخوپورہ (فیروزوالہ) میں فیض پور خو، دھمیکے، ڈاکہ، برج عطاری، کوٹ عبدالمال سیلاب کا خطرہ۔ضلع شیخوپورہ ،ننکانہ صاحب کے علاقے گنیش پور شامل۔

ضلع قصور، پتوکی میں پھول نگر، رکھ خان کے، نتی خالص، لمبے جگیر، کوٹ سردار، ہنجرائے کلاں، بھتروال کلاں، نوشہرہ گئے علاقے شامل ہیں۔ ضلع خانیوال میں غوث پور، میاں چنوں، امید گڑھ، کوٹ اسلام، عبدالحکیم ،کبیروالہ میں سیلاب متوقع ہے۔

جہلم کے بالائی کیچمنٹ ایریاز میں بارشیں متوقع، مظفرآباد سمیت دیگر علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

جہلم کے بالائی کیچمنٹ ایریاز میں فعال اور 29 اگست تا 2 ستمبر تک بارشیں متوقع ہیں جس کے باعث پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کوٹلی، باغ، میرپور، پونچھ، راولاکوٹ، مظفرآباد، حویلی اور ملحقہ علاقوں سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

پاکستان بھر میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع، مزید سیلاب کا خدشہ: محکمہ موسمیات

پاکستان میں محکمہ موسمیات نے 29 اگست سے 2 ستمبر چاروں صوبوں کے متعدد شہروں اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

جمعرات کی شب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں جمعے سے پیر تک بارش متوقع ہے جبکہ پنجاب کے شمالی و شمال مشرقی اضلاع میں 30 اور 31 اگست کے دوران شدید بارشوں کا امکان جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

’شمالی اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین جبکہ وسطی و جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں ممکنہ بارشوں کے باعث سیلاب آںے کا خطرہ رہے گا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More