رانا ثنا کے گھر پر حملہ: عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل سمیت 59 ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا

ہماری ویب  |  Aug 25, 2025

فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کو رانا ثنا اللہ کے گھر پر ہونے والے حملے کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں سمیت 59 ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی جبکہ 16 ملزمان کو 3،3 سال قید اور 34 ملزمان کو بری کردیا گیا۔

عدالت نے جن رہنماؤں کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ان میں عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل، شیخ راشد شفیق، رائے مرتضیٰ اقبال، کنول شوذب، احمد چٹھہ، انصر اقبال، بلال اعجاز، اشرف سوہنا، مہر جاوید، شکیل نیازی اور اسماعیل سیلا شامل ہیں۔

ایم پی اے حاجی اسماعیل سیلا کو 10 سال قید اور ایم پی اے شیخ شاہد جاوید کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

دوسری جانب عدالت نے فواد چوہدری، زین قریشی اور دیگر 34 ملزمان کو کیس سے بری کردیا۔

اے ٹی سی کے جج جاوید اقبال نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مقدمے میں مجموعی طور پر 109 افراد نامزد تھے جن میں سے 75 کو سزائیں سنائی گئیں۔

واضح رہے کہ فیصل آباد میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق چار مقدمات درج ہوئے تھے ، اس سے قبل تین کیسز کے فیصلے آچکے ہیں ۔ رانا ثنا اللہ کے گھر حملے کا مقدمہ تھانہ سمن آباد میں درج کیا گیا تھا جس میں تحریک انصاف کی مرکزی قیادت سمیت درجنوں ملزمان نامزد تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More