فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورۂ امریکہ، سینیئر سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں

اردو نیوز  |  Aug 10, 2025

پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے سرکاری دورۂ امریکہ پر ہیں جس کے دوران انہوں نے سینیئر امریکی سیاسی و عسکری قیادت اور پاکستانی نژاد کمیونٹی کے ارکان سے اہم ملاقاتیں کیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ٹامپا میں آرمی چیف نے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سبکدوش ہونے والے کمانڈر یونائیٹڈ سٹیٹس سینٹرل کمانڈ جنرل مائیکل کوریلا کی ریٹائرمنٹ کی تقریب میں شرکت کی۔

وہ نئے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کی چارج سنبھالنے کی تقریب میں بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر آرمی چیف نے جنرل مائیکل کوریلا کی شاندار قیادت اور پاک امریکہ عسکری تعاون کے فروغ میں ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایڈمرل بریڈ کوپر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ باہمی تعاون جاری رہے گا تاکہ مشترکہ سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کیا جا سکے۔

آرمی چیف نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ آرمی چیف نے جنرل کین کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے دوست ممالک کے دفاعی سربراہان سے بھی غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔

پاکستانی کمیونٹی سے ایک تعارفی نشست میں آرمی چیف نے انہیں پاکستان کے روشن مستقبل پر پُراعتماد رہنے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کا کہا۔

پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More