اسرائیلی وزرا کا مسجد اقصیٰ پر ’دھاوا‘، پاکستان کی سخت الفاظ میں مذمت

اردو نیوز  |  Aug 04, 2025

پاکستان نے اسرائیلی وزرا کی طرف سے آبادکار گروپوں کے ساتھ مل کر مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

پیر کو پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکام کی موجودگی اور یہ اعلان ’ٹیمپل ماؤنٹ ہمارا ہے‘ اشتعمال انگیز ہے۔ جس کا مقصد مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا، حالات کو خراب کرنا اور اور مسجد اقصیٰ کی اصل حیثیت کو بدلنے کی کوشش کرنا ہے۔

بیان کے مطابق یہ بے حرمتی ہزاروں اسرائیلی آبادکاروں نے کی جن کے ساتھ اسرائیل کے وزرا، حکام اور پارلیمان کے ارکان بھی تھے اور انہیں اسرائیلی فوج کی حفاظت حاصل تھی۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی نہ صرف ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے عقیدے کی توہین ہے بلکہ بین الاقوامی قانون اور انسانی اجتماعی ضمیر پر بھی براہ راست حملہ ہے۔

اسرائیل کے دائیں بازو کے انتہا پسند وزیر اتمار بن گویر نے اتوار کو مسجد اقصیٰ کا دورہ کیا اور دعویٰ کیا تھا انہوں نے وہاں عبادت کی۔

یہ مشرق وسطیٰ کے حساس ترین مقامات میں سے ایک پر رائج قواعد کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ مسلمان حکام کے ساتھ طے پائی گئی دہائیوں پرانی سٹیٹس کو کے تحت الاقصیٰ کمپاؤنڈ اردن کے ایک مذہبی فاؤنڈیشن کے زیرِ انتظام ہے اور یہودی وہاں جا تو سکتے ہیں لیکن عبادت نہیں کر سکتے۔

پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی وزرا کی طرف سے آبادکار گروپوں کے ساتھ مل کر اور اسرائیلی پولیس کی ڈھال میں دھاوا بولنے کی مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قابض اسرائیلی حکومت کی طرف سے اس طرح کی منظم اشتعال انگیزیوں نے امن کے امکانات کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے جارحانہ اقدامات جان بوجھ کر فلسطین اور خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں اور مشرق وسطیٰ کو مزید عدم استحکام اور تنازعات کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق فوری جنگ بندی، جارحیت کے خاتمے اور ایک قابل اعتماد امن عمل کے احیا کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے جس سے فلسطین کی ایک آزاد اور قابل عمل ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

پاکستان، جس کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں، نے مسلسل اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی مذمت کی ہے اور فلسطینی سرزمین میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے بلاتعطل جاری رہنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان نے گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کرتے ہوئے غزہ میں بگڑتے ہوئے انسانی بحران کا معاملہ اٹھایا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More