خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
کنٹرولر امتحانات بنوں بورڈ نے سنیچر کو پوزیشن حاصل کرنے والوں کا اعلان کیا، جماعت نہم و دہم کے سالانہ امتحانات میں سائنس گروپ میں پہلی پوزیشن رزمک کیڈٹ کالج کے طالب علم، دوسری پوزیشن گورنمنٹ سنیٹیل ماڈل سکول کی طالبہ جبکہ تیسری پوزیشن گورنمنٹ ہائی سکول لکی مروت کی طالبہ نے حاصل کی۔
بنوں تعلیمی بورڈ کے آرٹس گروپ میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول صدرخیل کی طالبہ ایمن نے 1046 نمبر لے کر پہلی، طالبہ عائشہ نے 1041 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ تیسری پوزیشن دلدراز خان نے حاصل کی جن کے نمبر 1005 ہیں۔
تیسری پوزیشن لینے والے جیل میں قید ہیں
بنوں تعلیمی بورڈ کے زیرِانتظام دسویں کلاس کے امتحانات میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے دلدراز خان جیل میں قید ہیں۔ انہوں نے آرٹس گروپ میں 1200 میں سے 1005 نمبر لے کر کامیابی حاصل کی۔ دلدراز خان بنوں سینٹرل جیل کے قیدی ہیں۔
جیل حکام کے مطابق دلدراز خان قتل کے مقدمے میں دفعہ 302 کے تحت پابند سلاسل ہیں۔ قیدی نے پرائیویٹ طالب علم کی حیثیت سے دسویں کلاس کے امتحانات دیے۔ جیل انتظامیہ کے مطابق دلدراز خان کی عمر 54 برس ہے، اور انہوں نے نویں جماعت کے بورڈ کے امتحانات بھی جیل سے دیے تھے۔
بنوں تعلیمی بورڈ انتظامیہ کی جانب سے دلدراز خان کی قابلیت کو سراہتے ہوئے اُن کی تیسری پوزیشن کو کامیابی قرار دیا گیا۔ دوسری جانب قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی اور شفاف امتحانات کے انعقاد پر جیل انتظامیہ کو بھی سراہا گیا۔
واضح رہے کہ بنوں تعلیمی بورڈ کے نتائج کی تقریب میں صوبائی وزیر پختون یار اور دیگر مہمان شریک ہوئے۔