امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر کی موجودگی میں لندن کے میئر صادق خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ کے صادق خان کے خلاف جملوں پر برطانوی وزیراعظم کو مداخلت کرتے ہوئے کہنا پڑا کہ ’وہ میرے دوست ہیں۔‘
صحافی کی جانب سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ستمبر میں سرکاری دورے کے موقع پر لندن جانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس کا جواب انہوں نے اثبات میں دیتے ہوئے یہ بھی واضح کیا کہ ’میں آپ کے میئر کا فین نہیں ہوں، میرے خیال میں انہوں نے بہت برا کام کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’لندن کا میئر ایک برا شخص ہے۔‘
ان تبصروں پر برطانوی وزیراعظم سٹارمر نے کہا کہ ’وہ دراصل میرا دوست ہے۔‘
تاہم صدر ٹرمپ نے بغیر رکے اپنی بات کو مزید تیز کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ انہوں نے خراب کام کیا لیکن میں لندن ضرور جاؤں گا۔‘
صدر ٹرمپ صادق خان کے لیے کوئی خاص نرمی کا گوشہ نہیں رکھتے جیسا کہ کیئر سٹارمر لیبر پارٹی کا رکن ہونے کی حیثیت سے رکھتے ہیں۔
جنوری میں صدر ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی کے موقع پر صادق خان نے ایک مضمون لکھا تھا جس میں ’رجعت پسند پاپولسٹس‘ کو ترقی پسندوں کے لیے ’صدی کا چیلنج‘ قرار دیا گیا تھا۔
پہلے دور اقتدار میں بھی صادق خان اس وقت ان کے لفظی تیروں کا نشانہ بنے تھے جب انہوں نے بعض مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکہ کے سفر پر پابندی لگنے کے خلاف بات کی تھی۔
اس کے بعد صدر ٹرمپ نے صادق خان پر الزام لگایا کہ جب وہ 2016 میں پہلی بار منتخب ہوئے تو انہوں نے ’دہشت گردی کے حوالے سے بہت برا کام کیا۔‘
جبکہ ان کی جانب سے پہلے منتخب مسلمان میئر کو ’بری طرح ہارنے والا اور بے وقوف‘ بھی قرار دیا گیا تھا۔
میئر آفس لندن کی جانب سے صدر ٹرمپ کے دورے پر خوشی کا اظہار کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ٹرمپ کے صدر سے بننے سے قبل پانچ نومبر 2024 کو ریکارڈ کیے جانے والے ایک پوڈ کاسٹ میں صادق خان نے آنے والے صدر پر الزام لگایا تھا کہ ’وہ میری نسل، مذہب اور رنگ کی وجہ سے نشانہ بنا رہے ہیں۔‘
تاہم دسمبر میں اے ایف پی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ’امریکی عوام نے اپنا واضح فیصلہ دے دیا ہے اور ہمیں صدارتی انتخابات کے نتائج کا احترام کرنا ہو گا۔‘
بعدازاں پیر کو صادق خان کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ صدر ٹرمپ دنیا کے عظیم شہر میں آ رہے ہیں۔
’وہ دیکھیں کہ تنوع ہمیں مضبوط بناتا ہے کمزور نہیں، امیر بناتا ہے، غریب نہیں کرتا۔‘