انڈیا کی پانچ سال بعد چین کے لیے سیاحتی ویزا سروس بحال، ’کشیدگی کم کرنے کی جانب قدم‘

اردو نیوز  |  Jul 23, 2025

انڈیا پانچ سال بعد چینی شہریوں کے لیے سیاحتی ویزا سروس دوبارہ شروع کرنے جا رہا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین میں انڈین سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ویزے جاری کرنے کا عمل 24 جولائی سے شروع ہو گا۔

سال 2020 میں ہمالیہ کی متنازع سرحد پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان جھڑپوں کے بعد سے حالات مزید کشیدہ ہو گئے تھے۔

ردعمل میں انڈیا نے چینی سرمایہ کاری پر پابندیاں عائد کرنے کے علاوہ مشہور چینی ایپس بھی بند کر دی تھیں اور دونوں ممالک کے درمیان آمد و رفت کے راستے بھی بند کر دیے تھے۔

چین نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث انڈین شہریوں اور دیگر غیرملکیوں پر سفری پابندیاں عائد کی تھیں جو سال 2022 میں اٹھا دی گئی تھیں۔ تاہم انڈین شہریوں کے لیے سیاحتی ویزا رواں سال مارچ تک معطل رہا تھا جب دونوں ممالک نے براہ راست فضائی راستے بھی کھولنے پر اتفاق کیا۔

گزشتہ سال دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان کئی ملاقاتیں ہوئیں جبکہ اکتوبر میں چینی صدر شی جن پنگ اور انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے انڈین اقدام کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’چین انڈیا کے ساتھ رابطے اور مشاورت جاری رکھنے اور دونوں ممالک کے درمیان ذاتی تبادلوں کو بہتر بنانے کے لیے تیار ہے۔‘

انڈیا اور چین کے درمیان 3,800 کلومیٹر طویل سرحد ہے جو سنہ 1950 کی دہائی سے متنازع ہے۔ 

دونوں ممالک سنہ 1962 میں ایک مختصر لیکن سفاکانہ سرحدی جنگ لڑ چکے ہیں جبکہ  تنازعات کو حل کرنے کے لیے مذاکرات میں پیش رفت سست روی کا شکار رہی ہے۔

رواں سال جولائی میں انڈین وزیر خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ بات چیت میں کہا تھا کہ دونوں ممالک کو اپنے تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے سرحدی تنازعات کو حل کرنا چاہیے، فوجیوں کو واپس بلانا چاہیے اور ’محدود تجارتی اقدامات‘ سے گریز کرنا چاہیے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More