اہم نکات
پاکستان کے جڑواں شہروں میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی
خاتون و مرد قتل کیس پر بلوچستان ہائیکورٹ آج سماعت کرے گی
مون سون بارشوں کے پیش نظر شمالی علاقوں کے لیے لینڈ سلائیڈ الرٹ جاری
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ آج ڈھاکہ میں
بارشوں اور گلیشئیر پگھلنے کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ
بلوچستان خاتون اور مرد قتل کیس: خاتون کا کزن عدالت میں پیش، ہائیکورٹ آج کیس کی سماعت کرے گیصوبہ بلوچستان میں خاتون اور مرد کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کے کیس میں گرفتار خاتون کے قریبی رشہ دار بشیر احمد کو بھی عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کوئٹہ 13 کی عدالت نے ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈیگاری کے قریب ایک خاتون اور مرد کو غیرت کے نام پر بہیمانہ طریقے سے قتل کرنے کی ویڈیو سامنےا ٓنے کے بعد بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس روزی خان بڑیچ نے بھی نوٹس لیا۔اب سے کچھ دیر بعد اس کیس کی سماعت ہوگی۔ عدالت نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات اور آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری کو طلب کر رکھا ہے۔پولیس کے مطابق اب تک اس کیس میں 13 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں مبینہ طور پر قتل کا حکم دینےوالے جرگے کے سربراہ قبائلی سردار شیر باز خان ساتکزئی اور خاتون کا کزن بشیر احمد بھی شامل ہیں۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں مزید بارش کی پیشگوئی، دریائے سواں میں طغیانی کا خدشہ
اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج بھی دن بھر وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کر رکھا ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں اور متعلقہ عملہ ان مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے جہاں ندی نالوں کے بپھرنے یا طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔
راولپنڈی کا نالہ لئی، اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان بہنے والا دریائے سواں، اور دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں بہنے والے نالے شدید بارشوں کے باعث طغیانی کی زد میں آ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ تین گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں 38 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ سید پور میں 38 ملی میٹر، بوکرا میں 23 ملی میٹر، گولڑہ میں 22 ملی میٹر، ایئرپورٹ کے مقام پر 19 ملی میٹر، جبکہ زیرو پوائنٹ پر 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
راولپنڈی کے علاقے چکلالہ میں 24 ملی میٹر، شمس آباد میں 14 ملی میٹر، گوال منڈی میں 12 ملی میٹر، اور کٹاریاں میں 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز:پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں کی سیریزکا دوسرا ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچ آج ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔
میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام پانچ بجے شروع ہو گا۔
تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اتوار کے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.3 اوورز میں صرف 110 رنز بنائے تھے اور پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔
جواب میں بنگلہ دیش نے 15.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے میچ اپنے نام کر لیا تھا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقات، عالمی گورننس کو مضبوط کرنے پر زور
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فیلیمون یانگ سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی نے ترجمان دفترخارجہ کے حوالے سے کہا ہے کہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ، ایران، افغانستان اور خطے کے دیگر حالات پر تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے صدر جنرل اسمبلی کی قیادت میں ’پیکٹ فار دی فیوچر”‘ اور ’یو این 80 انیشیٹو‘ کو آگے بڑھانے کی کوششوں کی تعریف کی اور ان اقدامات میں ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اقوام متحدہ زیادہ مؤثر، جامع اور چیلنجز سے نمٹنے کے قابل ہو۔
اسحاق ڈار نے انڈیا کے جارحانہ رویے، پروپیگنڈا مہمات اور سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
مون سون بارشوں کے پیش نظر شمالی علاقوں کے لیے لینڈ سلائیڈ الرٹ جاری
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے پیش نظر ملک کے شمالی علاقوں کے لیے لینڈ سلائیڈ الرٹ جاری کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گلگت بلتستان میں گلگت، سکردو، ہنزہ، استور، دیامر اور گھانچے کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ متوقع۔
کشمیر میں مظفرآباد، وادی نیلم، ہویلی، باغ اور پونچھ میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، کوہستان اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے پیش نظر لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔
کوہستان روڈ 200–240، کولا ئی پالس روڈ 180، جگلوٹ روڈ 480، نگر روڈ 460–480، ہنزہ روڈ 520–540، تتہ پانی روڈ 360، روندو اور سکردومیں جگلوٹ سکردو روڈ میں لینڈ سلائیڈنگ متوقع ہے۔
چترال میں جگلوٹ سکردو روڈ، شاہراہ قراقرم اور دیگر پہاڑی علاقوں میں رابطہ سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں۔
شاہراہ بابوسر پر پھنسے 200 سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا، 50 سے زائد چلاس منتقل
پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان کی حکومت نے کہا ہے کہ ضلع دیامر میں شاہراہِ تھک بابوسر میں 200 سے زیادہ سیاحوں کو ریسکیو اہلکاروں اور مقامی لوگوں کی مدد سے بچا لیا گیا ہے جبکہ لاپتہ سیاحوں کی تلاش جاری ہے۔ترجمان گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کے مطابق شاہراہ بابوسر پر پھنسے مسافروں کے لیے پاک فوج کے تعاون سے بذریعہ ہیلی کاپٹر امدادی کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سرچ آپریشن کے لیے مزید ہیوی مشینری متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے پہنچائی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا لپ شاہراہ بابوسر میں لوگوں کے گھروں میں پناہ لینے والے 50 سے زائد سیاحوں کو چلاس منتقل کیا جا چکا ہے۔
ہیلی کاپٹر کے ذریعے خوراک کے پیکٹس متاثرہ علاقوں تک پہنچانے کا عمل بھی جاری ہے۔
مزید تفصیل کے اس لنک پر کلک کریں
مون سون بارشوں اور گلیشئیر پگھلنے کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ
مون سون بارشوں اور گلیشئیر پگھلنے کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے درجے کا سیلاب ہے۔ جبکہ دریائے راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے۔
دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 22 سے 24 جولائی کے دوران پنجاب کے بڑے دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 50 فیصد جبکہ تربیلا میں 79 فیصد ہے۔ جبکہ ستلج ، بیاس اور راوی پر قائم انڈین ڈیمز میں پانی کی سطح 36 فیصد تک ہے۔