پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے

اردو نیوز  |  Jul 20, 2025

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایک روزہ دورے پر افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی پی ) کے مطابق اتوار کو کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر افغانستان کے نائب وزیر داخلہ محمد نبی عمری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا۔

افغانستان کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی اس موقعے پر موجود تھے۔

وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ ہیں۔

بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی اپنے افغان ہم منصب سراج الدین حقانی سے ملاقات کریں گے۔‘

اس سے قبل 17 جولائی کو پاکستان نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کابل کا دورہ کیا تھا۔

اس موقعے پر پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان نائب آباد، خرلاچی ریلوے لنک پر مشترکہ فزیبلٹی سٹڈی کے فریم ورک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ’یہ معاہدہ ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے کوریڈور کے تحت کیا گیا ہے۔ یہ کوریڈور علاقائی روابط اور اقتصادی انضمام کو فروغ دے گا اور یہ وسطی ایشیائی ممالک کو افغانستان کے ذریعے پاکستانی بندر گاہوں سے جوڑے گا۔‘

اسحاق ڈار کی افغان عبوری وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند زادہ سے بھی کابل میں ملاقات ہوئی تھی (فائل فوٹو: دفتر خارجہ)اسحاق ڈار کی افغان عبوری وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند زادہ سے بھی کابل میں ملاقات ہوئی تھی جس میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اعلیٰ سطح روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس کے علاوہ پاکستان کے نائب وزیراعظم نے افغان وزیرخارجہ امیر خان متقی اور افغان وزیرداخلہ سراج الدین حقانی سے بھی ملاقاتوں میں تجارت، ٹرانزٹ، سکیورٹی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ’اسحاق ڈار اور افغان وزیرداخلہ سراج الدین حقانی کی ملاقات میں سیکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور نائب وزیراعظم  نے سکیورٹی اور بارڈر مینجمنٹ کے مسائل حل کرنے پر زور دیا۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More