ملک کے متعدد علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں اضافے کی پیش گوئی سامنے آئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ اس وقت شمال مغربی مدھیہ پردیش (انڈیا) پر موجود ہے اور اگلے چند گھنٹوں تک مغرب اور شمال مغرب کی طرف بڑھنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے شمالی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی موجود ہے۔
کل ملک کے بیشتر حصوں میں حبس اور گرمی رہی تاہم جنوبی پنجاب، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ سندھ اور جنوب مشرقی بلوچستان میں موسلادھار بارش بھی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق آج سندھ، پنجاب، کشمیر، شمال مشرقی بلوچستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے علاوہ اسلام آباد میں بھی تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔
اس دوران جنوبی سندھ، مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے جبکہ دیگر دیگر علاقوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہنے کا امکان ہے۔
اسی طرح کل خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی و وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور اسلام آباد میں تیز ہوائیں چلنےکے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جبکہ کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب میں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
پرسوں یعنی 22 جولائی کو کشمیر، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، وسطی و بالائی پنجاب کے علاوہ اسلام آباد میں بھی زیادہ تر مقامات پر بارش ہونے اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ جنوب مشرقی سندھ اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر بھی بارش ہو سکتی ہے، دیگر علاقوں میں موسم گرم رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق بدھ کو بھی اسلام آباد کے علاوہ خیبر پختونخوا اور وسطی و بالائی پنجاب میں بارش کا امکان ہے جبکہ پوٹھوہار کے علاقے میں تیز اور موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو غیرضروری سفر سے گریز اور محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
اسی طرح مشرقی سندھ کے چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
جمعرات کی موسم کی صورت حال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بالائی و وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان کے علاوہ اسلام آباد میں بھی تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے جبکہ جنوب مشرقی سندھ میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔
اسی طرح جمعے کو بھی گلگت بلتستان،کراچی، خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں اور بالائی پنجاب میں تیز ہوائیں چلنے اور بادل برسنے کا امکان ہے جبکہ خطہ پوٹھوہار میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے سنیچر کو ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں 25 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں جن کے باعث دریائے کابل، سوات، پنجکوڑہ، کالپنی نالہ اور بارہ نالہ میں طغیانی کا خطرہ ہے جبکہ نوشہرہ، مالاکنڈ، سوات، دیر اور بالائی پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورت حال اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، ساہیوال، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، تونسہ، راجن پور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، ملتان اور دیگر شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا امکان ہے جبکہ نشیبی علاقوں کے زیرِآب آنے کا خطرہ ہے۔ادارے کی جانب سے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔