انڈیا کی مشرقی ریاست بہار میں آسمانی بجلی گرنے سے 33 افراد ہلاک

اردو نیوز  |  Jul 18, 2025

انڈیا کی مشرقی ریاستیں اس وقت مون سون بارشوں کی لپیٹ میں ہیں۔ ریاست بہار میں مون سون بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 33 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ریاست کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ہلاکتیں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہوئیں۔

متاثرین میں زیادہ تر کسان اور مزدور شامل ہیں جو کُھلے علاقوں میں کام کر رہے تھے۔

ریاست بہار کے کچھ حصوں میں مزید تیز بارش اور آسمانی بجلی گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے وزیر وجے کمار منڈل نے کہا ہے کہ جن اضلاع کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے وہاں حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ’بجلی گرنے سے متعلق الرٹ کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے آگاہی پھیلائیں۔‘

ریاستی حکومت نے آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 40 لاکھ روپے (4,600 ڈالر) دینے کا اعلان کیا ہے۔

بہار کی ریاستی حکومت کے مطابق 2024 میں آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 243 اور اس سے قبل 275 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

گذشتہ ماہ جون کے اوائل میں انڈیا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 30 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ بڑی تعداد میں سیاح بھی لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پھنس گئے تھے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More