لاہور سے بغیر پاسپورٹ اور ویزا سعودی عرب پہنچنے والے پاکستانی شہری کا ایئرلائن کے خلاف مقدمہ

بی بی سی اردو  |  Jul 16, 2025

پاکستان سے بغیر پاسپورٹ اور ویزہ لاہور سے سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ جانے والے شہری شاہ زین احمد نے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی پٹیش دائر کر دی ہے جس میں اس معاملے پر جے آئی ٹی بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔

کراچی کے شہری انجینیئر شاہ زین احمد رواں ماہ کے شروع میں ایئر سیال کی پرواز میں لاہور سے کراچی پہنچنے کے بجائے جدہ پہنچ گئے تھے جہاں سے انھیں ڈی پورٹ کیا گیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں ایڈووکیٹ نواز ڈاھری کی معاونت سے دائر اس آئینی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایئر سیال کا لائسنس معطل کیا جائے، ایک جوائنٹ انوسٹیگیشن ٹیم بنائی جائے، ایئر پورٹ سکیورٹی فورس، ایف آئی اے کا انٹرنل آڈٹ کیا جائے کیونکہ یہ سکیورٹی لیپس ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر ان کے موکل کو جدہ میں گرفتار کر لیا جاتا تو اس سے ان کی عزت اور شہرت متاثر ہو سکتی تھی۔

ایڈووکیٹ نواز ڈاھری کے مطابق قانونی اطلاع اور مناسب کارروائی کے آغاز کے مقصد سے متعدد طریقوں بشمول ای میل، واٹس ایپ اور رجسٹرڈ کوریئر سروس کے ذریعے ایئر سیال کو ایک باقاعدہ قانونی نوٹس بھیجا گیا لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔

نواز ڈاھری نے بتایا کہ عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی ہے اور آنے والی سماعت پر نوٹس جاری کیے جائیں گے۔

’ایئر ہوسٹس نے بتایا طیارہ جدہ جا رہا ہے‘

الیکٹرک انجینیئر شاہ زین احمد لاہور میں ایک فیکٹری میں کام کرتے ہیں اور ان کا تعلق کراچی سے ہے۔ اپنے بچے کی طبعیت کی خرابی کی وجہ سے وہ 7 جولائی کو لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوئے۔

شاہ زین احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی فلائٹ رات دس بجے کی تھی، انھوں نے اپنی تلاشی اور سامان کی سکیننگ کے بعد بورڈنگ کارڈ لیا، سامان جمع کرایا اور انتظار گاہ میں آ گئے۔

انھوں نے بتایا کہ ’اس وقت رات کے نو بجے تھے جب اناؤسمنٹ ہوئی تو وہ متعلقہ گیٹ پر پہنچے۔ وہاں موجود سٹاف نے کہا کہ سیدھے جا کر مڑ جائیں۔ جب وہ طیارے میں داخل ہوئے تو انھیں ایئر ہوسٹس نے 19 ایف سیٹ پر بٹھا دیا۔‘

شاہ زین احمد کا کہنا تھا کہ طیارہ اپنی منزل پر گامزن تھا اور اسی دوران ریفریشمنٹ بھی کرائی گئی۔

Getty Images

ان کے مطابق ’جب دو گھنٹے کے بعد بھی جہاز لینڈ نہیں ہوا تو میں نے ایئر ہوسٹس سے پوچھا کہ کیا وجہ ہے کہ ابھی تک کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ نہیں ہوئی؟ جس پر ایئر ہوسٹس نے کہا کہ یہ طیارہ تو سعودی عرب کے شہر جدہ جا رہا ہے۔‘

شاہ زین نے دعویٰ کیا کہ جب جہاز نے جدہ میں لینڈ کیا تو انھیں سٹاف نے کہا کہ ’آپ سعودی حکام کے پاس چلے جائیں‘ لیکن ان کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے یہ کہہ کر انکار کیا کہ ’مر جاؤں گا لیکن یہاں سے نہیں ہلوں گا‘ کیونکہ ان کے پاس نہ پاسپورٹ تھا نہ ویزہ۔

شاہ زین کے مطابق اس کے بعد انھوں نے ’ایک مقامی ملازم کی مدد سے اپنا فون انٹرنیٹ سے کینکٹ کیا اور اپنے بھائی کو ویڈیو بھیجی تاکہ حقیقت سب کو معلوم ہو۔‘

اس کے بعد پولیس اور کسٹم والے آ گئے اور انھیں ساتھ لے گئے۔

شاہ زین کے مطابق ’سعودی حکام کا رویہ کافی سخت تھا جیسے وہ کوئی منشیات یا انسانی سمگلر ہوں۔ انھوں نے انگریزی میں بھی بات کرنے کی کوشش کی۔ ان کے ساتھ ایک مترجم تھا جس نے کہا کہ سارا قصہ اس کو بتایا جائے۔‘

شاہ زین کے مطابق انھوں نے ’ساری کہانی اس مترجم کو سنائی جس کے بعد پھر ان کی جدہ سے لاہور کی بورڈنگ کروائی گئی۔‘

’جیب میں 15 ہزار روپے جبکہ ٹکٹ 23 ہزار کا تھا‘

شاہ زین کے مطابق وہ اپنے بچے کی صحت کی وجہ سے پریشان تھے اور جلد کراچی پہچنا چاہتے تھے اور جب وہ لاہور پہنچے تو ان کے پاس کراچی کی ٹکٹ کے پیسے نہیں تھے۔

ان کے مطابق ان کے پاس صرف 15 ہزار روپے جیب میں تھے جبکہ ٹکٹ 23 ہزار کا تھا۔

ان کے کچھ پیسے سامان میں تھے جو کراچی روانہ ہو چکا تھا لہذا انھوں نے ایک دوست کو درخواست کی جس نے پیسے فراہم کیے اور انھوں نے ٹکٹ خریدا۔

شاہ زین کے مطابق وہ 8 جولائی کی شام 6 بجے گھر پہنچے اور یہ سارا وقت انھوں نے ایئرلائن سٹاف کی غلطی کی سزا بھگتی۔

بورڈنگ پاس کا معمہ: ’مجھے پرواز سے اترنے کے بعد بتایا گیا کہ میں اس طیارے میں سوار ہی نہیں ہوئی تھی‘پاکستان سے بیرون ممالک جانے والے بھکاریوں کے گروہ: ’یہاں روپے ملتے ہیں، سعودی عرب میں ریال میں بھیک ملتی ہے‘اکیلے سفر کرنے والے چھ سالہ بچے کو ایئرلائن نے غلط منزل پر پہنچا دیاایئر انڈیا کی فلائٹ 171 کے پائلٹس کا ’پراسرار مکالمہ‘ جس نے حادثے کی تحقیقات کو مزید الجھا دیا ہےبیگ سے منشیات برآمد ہونے کے الزام میں سعودی جیل میں قید پاکستانی خاندان کی بے گناہی کیسے ثابت ہوئی
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More