مشہور سائنس فکشن فلم سیریز "ہیری پوٹر" پر مبنی نئی ٹی وی سیریز کی پروڈکشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس کا مداحوں کو طویل عرصے سے انتظار تھا۔
ایچ بی او کی جانب سے تیار کی جانے والی اس سیریز کی عکس بندی برطانیہ کے وارنر برادرز اسٹوڈیوز، لیوزڈن میں شروع ہو چکی ہے۔ شائقین کی دلچسپی بڑھانے کے لیے سیریز کی پہلی جھلک بھی جاری کر دی گئی ہے، جس نے مداحوں میں مزید جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔
اس ٹیزر میں سیریز کے نئے چائلڈ اسٹار ڈومینک میک لافلن کو ہیری پوٹر کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔ وہ معروف گول چشمہ، ہاگ وارٹس کی یونیفارم اور پیشانی پر بجلی کے نشان والی مخصوص علامت کے ساتھ نظر آتے ہیں۔
ان کے اس انداز نے فوراً مداحوں کو ڈینیئل ریڈکلف کی یاد دلا دی، جنہوں نے اصل فلمی سیریز میں ہیری پوٹر کا کردار ادا کیا تھا۔ تاہم اس نئے اداکار کو ایک نئی نسل کے پوٹر فینز کے لیے مرکزی کردار کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ یہ سیریز جے کے رولنگ کے مشہور زمانہ ناولوں پر مبنی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ 2027 میں ریلیز کی جائے گی۔ پروڈکشن کے آغاز اور پہلے منظر کی ریلیز کے بعد، دنیا بھر میں پوٹر کے مداحوں میں ایک نئی جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی ہے۔