کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک فلیٹ میں مردہ پائی جانے والے اداکارہ حمیرا اصغر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی نماز جنازہ لاہور ماڈل ٹاؤن میں ادا کردی گئی، جس کے بعد اداکارہ حمیرا اصغر کی میت کیو بلاک قبرستان پہنچا دی گئی، جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔
اداکارہ کی تدفین کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ قریبی رشتہ دار اور عزیز و اقارب کیو بلاک قبرستان پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
اداکارہ حمیرا اصغر کی اچانک موت سے شوبز حلقوں اور مداحوں میں گہرے رنج و غم کی فضا ہے، ان کے انتقال کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا عمل بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایک فلیٹ سے اُس وقت ملی تھی، جب پولیس عدالتی حکم پر مکان مالک کی شکایت پر فلیٹ خالی کرانے پہنچی تھی۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا نے بتایا تھا کہ پولیس ٹیم نے جب فلیٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا تو اندر سے کوئی جواب نہیں ملا، جس کے بعد دروازہ توڑ کر داخل ہونے پر اداکارہ کی لاش ملی تھی۔
پوسٹ مارٹم کرنے والی پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید کے مطابق لاش گلنے سڑنے کے انتہائی مرحلے میں داخل ہو چکی تھی اور اس قدر مسخ ہو گئی تھی کہ فوری طور پر موت کی وجہ بیان کرنا ممکن نہیں۔
پولیس اداکارہ کی موت کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔