کئی دنوں سے گھر میں مردہ تھیں۔۔ تنہائی میں دم توڑنے والی اداکارہ عائشہ خان کی موت کا پتا کیسے چلا؟ افسوسناک تفصیلات

ہماری ویب  |  Jun 20, 2025

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ایک اور خاموش مگر باوقار آواز ہمیشہ کے لیے خاموش ہو گئی۔ معروف سینئر اداکارہ عائشہ خان کی لاش کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں ان کے رہائشی فلیٹ سے برآمد ہوئی، جو کئی روز پرانی تھی۔

پولیس کے مطابق عائشہ خان اپنے گھر میں اکیلی رہ رہی تھیں اور ان کی موت کا کسی کو فوری علم نہ ہو سکا۔ جب فلیٹ سے بدبو پھیلنے لگی تو اہلِ محلہ نے ان کے رشتہ داروں کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اداکارہ کی لاش تقریباً ایک ہفتے پرانی ہے۔

مرحومہ کی قریبی دوست اور انڈسٹری سے وابستہ تہمینہ خالد نے تصدیق کی کہ عائشہ خان کا انتقال تقریباً پانچ دن پہلے ہو چکا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عائشہ ایک عرصے سے خاموش زندگی گزار رہی تھیں اور کسی قسم کی عوامی سرگرمیوں میں متحرک نہیں تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لواحقین کی اجازت کے بعد لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا تاکہ موت کی وجہ معلوم کی جا سکے۔ بعد ازاں لاش کو جناح اسپتال سے سہراب گوٹھ ایدھی سردخانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

عائشہ خان، ماضی کی مشہور اداکارہ خالدہ ریاست کی بڑی بہن تھیں، اور انہوں نے کئی مقبول ٹی وی ڈراموں میں اپنی فنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان کی رحلت ایک ایسا لمحہ ہے جو نہ صرف ان کے چاہنے والوں بلکہ پوری انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے دکھ اور خاموشی کا پیغام لے کر آیا ہے۔

زندگی کے آخری ایام میں تنہائی، خاموشی اور پردہ اس فنکارہ کا مقدر بنے، جس نے کبھی اسکرین پر زندگی کے رنگ بھرے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More