نکولس پورن نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

سچ ٹی وی  |  Jun 10, 2025

ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج وکٹ کیپر بلے باز نکولس پورن نے اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔

کھیلوں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق ویسٹ انڈیز کے وائٹ بال کے سابق کپتان نکولس پوران نے 29 سال کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے 61 ون ڈے میچوں میں ایک ہزار 983 رنز اور 106 ٹی20 میچوں میں 2 ہزار 275 رنز بنائے۔

نکولس پوران 2023 ون ڈے ورلڈ کپ کوالیفائرز سے ویسٹ انڈیز کے باہر ہونے کے بعد سے کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیلا جب کہ انہوں نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ویسٹ انڈیز کی ٹی20 سیریز کے لیے سلیکشن سے دستبرداری اختیار کر لی تھی۔

سابق کپتان کی اچانک ریٹائرمنٹ ایک دھچکا ہے کیونکہ گزشتہ سال نومبر میں اپنے 100ویں ٹی20 کے موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ وہ مزید 100 ٹی20 میچز کھیل سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ نکولس ٹی20 انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے میچز کھیلنے اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، انہوں نے 26.14 کی اوسط اور 136.39 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2 ہزار 275 رنز بنائے۔ جب کہ ون ڈے انٹرنیشنل میں انہوں نے 39.66 کی اوسط اور 99.15 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1983 رنز بنائے۔

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے بہت سوچ بچار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے، اس کھیل نے مجھے بہت کچھ دیا ہے اور دیتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں خود کو بہت خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے ویسٹ انڈیز کی جرسی پہننے کا موقع ملا، میری ناقابل فراموش یادیں ہیں، ہر بار ترانے کے لیے کھڑا ہونا، ہمیشہ ایک نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اترنا، ان تمام باتوں کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے کہ یہ سب میرے لیے کیا اہمیت رکھتا ہے جب کہ ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گا۔

نکولس پوران نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مجھے ہمیشہ مشکل لمحات میں حوصلہ دیا اور ہمارے اچھے لمحات کو بھرپور طریقے سے منایا جب کہ میں اپنے خاندان اور قریبی دوستوں کا بھی شکر گزار ہوں جو ہمیشہ میرے لیے کھڑے رہے۔

انہوں نے مزید کہا ’اگرچہ میرے کیریئر کا یہ باب بند ہو رہا ہے لیکن ویسٹ انڈیز کرکٹ کے لیے میری محبت کبھی ختم نہیں ہوگی، میں ٹیم اور خطے کے لیے مزید کامیابی کا خواہشمند ہوں۔

دوسری جانب، انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے باوجود پوران فرنچائز کرکٹ کھیلتے رہیں گے، وہ ایم ایل سی، دی ہنڈریڈ، سی پی ایل، آئی پی ایل کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں آئی ایل ٹی20 میں بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More