گرمی کے ستائے شہریوں کو محکمہ موسمیات نے بڑٖی خوشخبری سنا دی

سچ ٹی وی  |  May 26, 2025

ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جب کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے ممکنہ بارشوں سے حوالے سے بھی پیش گوئی جاری کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج پاکستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم شام اور رات کے اوقات میں گلگت بلتستان، کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور شمالی و جنوب مشرقی بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ آندھی، جھکڑ اور بارش کا امکان ہے۔

موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کے کچھ مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

ملک میں درجہ حرارت کی صورت حال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ، کراچی میں 38، اسلام آباد 40، پشاور 41، کوئٹہ 36 اور گلگت میں 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں آنے والی آندھی اور طوفانی بارشوں سے متعدد حادثات پیش آئے۔ پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق کل 221 حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں 12 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 43 افراد کو موقع پر طبی امداد دی گئی اور 98 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 153 افراد زخمی ہوئے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔ آندھی اور بارش کے دوران درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں اور محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More