میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جاری ترقیاتی اسکیموں کی شفافیت اور عوامی رسائی یقینی بنانے کے لیے انہیں ڈیجیٹل نقشے پر لانے کی ہدایات جاری کردیں۔
کراچی میئر آفس میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جہاں ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز طارق مغل نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ طارق مغل نے بتایا کہ اب تک 219 ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی جا چکی ہیں، مزید اسکیمیں 30 جون سے پہلے مکمل کی جائیں گی، تقریباً 2.5 ارب روپے مالیت کے منصوبے زیرتکمیل ہیں اور ان کے لیے ٹینڈرز بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔
میئر کراچی نے ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبوں کو گوگل میپ پر اپڈیٹ کیا جائے تاکہ شہری باخبر رہیں، ٹریفک کے مسائل سے بچ سکیں اور ٹیکنالوجی کے ذریعے پیش رفت کا مشاہدہ کر سکیں۔ انہوں نے اسکیموں کو بروقت مکمل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ تاخیر کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں میونسپل کمشنر ایس ایم افضال زیدی، فنانشل ایڈوائزر گلزار ابڑو، ڈی جی پارکس اخلاق یوسف زئی، ڈائریکٹر میڈیا دانیال سیال اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔