وزیراعظم سے بلاول بھٹو کی ملاقات، عالمی سطح پر پاکستانی مؤقف اجاگر کرنے پرگفتگو

سچ ٹی وی  |  May 23, 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت وفد نے ملاقات کی ہے، جس میں اہم دارالحکومتوں میں پاکستانی مؤقف کو اجاگر کرنے پر بات چیت کی گئی ہے۔

سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی کے ایکس پر پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت وفد میں سینیٹر شیری رحمٰن اور سابق وفاقی وزیر حنا ربانی کھر شامل تھیں۔ رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے دنیا کی اہم دارالحکومتوں میں پاکستانی موقف کو اجاگر کرنے اور بھارتی جارحیت اور اشتعال انگیز ایجنڈے کو دنیا کے سامنے رکھنے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے رہنمائی لی۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس قومی سفارتی کام کے حوالے سے ان پر اعتماد کرنے اور ان کو پاکستانی وفد کی قیادت سونپنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امید ہے آپ کی قیادت میں یہ وفد پاکستان کا موقف اور بیانیہ بھرپور اور مؤثر طریقے سے دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، مشیر وزیر اعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی شامل تھے۔

واضح رہے کہ 17 مئی کو پاکستان نے بھارتی پروپیگنڈے کے جواب میں عالمی سطح پر مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے بعد چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو عالمی سطح پر پاکستان کا ’امن کا مؤقف‘ پیش کرنے کا ٹاسک دے دیا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ آج وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے مجھ رابطہ کیا گیا اور انہوں نے درخواست کی کہ میں ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کروں۔

اس سے قبل، مودی سرکار کی جانب سے جنگی محاذ کے ساتھ ساتھ خارجہ اور سفارتی سطح پر ناکامی کے بعد ارکان پارلیمنٹ کا وفد مختلف ممالک میں بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بھارت کے ارکان پارلیمنٹ مختلف ممالک کے سامنے جنوبی ایشیا کی صورتحال میں بھارت کی پوزیشن واضح کرنے کی کوشش کریں گے۔

بھارتی رکن پارلیمنٹ ششی تھرور وفد کی قیادت کریں گے، ان کے علاوہ سمیک بھٹاچاریہ، انوراگ ٹھاکر، منیش تیواری، امر سنگھ، پرینکا چترویدی، سمبیت پاترا، سپریا سولے، شریکانت شندے اور ڈی پورندیشوری شامل ہیں۔

خیال رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے پاکستان پر الزامات کی بوجھاڑ کردی تھی۔ بھارت نے پہلگام فالس فلیک آپریشن کی آڑ میں 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب نئی دہلی نے پاکستان پر فضائی حملوں کا ایک سلسلہ شروع کیا تھا جس کے جواب میں پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے تھے۔

بعد ازاں، 10 مئی کو پاک فوج کی جانب سے آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا گیا، جس میں بھارت کے 26 ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا گیا، بالآخر 10 مئی کو شام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت سے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More