یوم تشکر: صدرمملکت کا شہید اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے لواحقین سے اظہار تعزیت

سچ ٹی وی  |  May 16, 2025

بھارت کے خلاف معرکہ حق کے آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی پر پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے آج ملک بھر میں یو م تشکر منایا جارہا ہے۔

یوم تشکر کے موقع پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سےکیاگیا جب کہ وفاقی درالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر کور کمانڈر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔

لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی، فاتح خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

دریں اثنا، یوم تشکر کے سلسلے میں ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جارہے ہیں اور دعائیہ تقاریب منعقد کی جارہی ہیں جب کہ آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے لواحقین سے خصوصی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر جاکر ان کے والد اور دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

صدر مملکت نے شہید کی وطن کے لیے خدمات اور دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کی جانب سے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے، پوری قوم، اپنے سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، ہم اپنے شہدا اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کے ہمیشہ معترف رہیں گے، صدر مملکت نے شہید کے لیے فاتحہ خوانی اور بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا اور انہیں صبر جمیل کی دعا دی۔

یوم تشکر کی مرکزی تقریب آج رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی، تقریب میں تمام مکاتب فِکرسے اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم ہوں گے جب کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہ بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More