وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ ہماری ترجیح ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت زرعی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں زرعی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے بنائے گئے ورکنگ گروپ کی جانب سے تجاویز پیش کی گئیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ زرعی خودکفالت کے حصول کے لیے زراعت کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا یے۔ اور معیشت کی فوری ترقی کے لیے زرعی شعبے کی وسیع استعداد کو بروئے کار لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو زرخیز زمین، قابل زرعی ماہرین اور محنتی کسانوں سے نوازا ہے۔ پائیدار اور طویل مدتی زرعی صنعتی ترقی کی پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔ تاکہ ملک میں زراعت کے ساتھ ساتھ جنگلات کو بھی فروغ ملے۔ جو کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیےانتہائی اہم ہیں۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کسانوں کو آسان شرائط پر زرعی قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اور ملکی پیداوار بڑھانے کے لیے زرعی تحقیق پر توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کی ترقی کے لیے متعلقہ فریقین کی مشاورت سے مربوط حکمت عملی بنائی جائے۔ اور اس سلسلے میں صوبوں سے مشاورت بھی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم نے زرعی شعبے کے حوالے سے نیشنل ایگری انوویشن پلان پیش کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ زرعی بیجوں کے سرٹیفیکیشن کے نظام میں جاری اصلاحات میں تیزی لائی جائے۔ اور اعلیٰ معیار کے بیجوں کے فروغ کے حوالے سے مؤثر لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ ہماری ترجیح ہے۔ زرعی شعبے کے حوالے سے جامع ریگولیٹری فریم ورک ترتیب دیا جائے۔