اگر تم وہاں ہوتے تو۔۔ زخمی سیف نے اسپتال میں بیٹے سے ایسا کیا کہا تھا جس نے ابرہیم علی خان کو اندر سے توڑ دیا؟

ہماری ویب  |  May 13, 2025

اداکار ابراہیم علی خان نے حال ہی میں ایک ایسے لمحے کو یاد کیا جو ان کی زندگی کا رخ بدل گیا۔ وہ لمحہ جب اُن کے والد، سیف علی خان، چاقو کے وار سے زخمی حالت میں اسپتال میں داخل تھے۔ یہ وہ رات تھی جسے ابراہیم آج بھی بھلا نہیں پاتے۔

وہ اپنی پہلی فلم نادانیاں کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔ رات کی شفٹ تھی اور وقت تقریباً 5:30 کا۔ فون آیا کہ سیف علی خان پر گھر میں حملہ ہوا ہے۔ ابراہیم بھاگتے ہوئے اسپتال پہنچے، جہاں سرجری کے بعد سیف آئی سی یو سے باہر آئے تھے۔ "انہوں نے آنکھیں کھولیں، سارہ سے بات کی، اور مجھ سے کہا: ‘اگر تم وہاں ہوتے تو تم اس آدمی کو بہت مارتے۔’ وہ جملہ سنتے ہی میرے آنسو بہنے لگے۔ میں بس یہی سوچتا رہا، کاش میں وہاں ہوتا۔”

ابراہیم نے بتایا کہ خبر سن کر ان کے ذہن میں خوفناک خیالات آنے لگے۔ "چاقو مارا گیا ہے" — یہ جملہ انہیں اندر سے توڑ گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ لمحہ ان کے لیے بہت بھیانک اور تکلیف دہ تھا، لیکن اسی نے انہیں اپنے والد کے اور قریب کر دیا۔ "جب آپ کسی اپنے کو موت کے اتنے قریب دیکھتے ہیں، تو پھر رشتہ بدل جاتا ہے، نظر بدل جاتی ہے۔”

یاد رہے، یہ واقعہ 16 جنوری کو پیش آیا تھا، جب ایک اجنبی شخص نے ممبئی میں سیف کے گھر میں گھس کر حملہ کیا۔ چاقو کے چھ وار لگے اور سیف کو زخمی حالت میں رکشے میں اسپتال لے جایا گیا۔ ابتدائی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ابراہیم انہیں لے کر گئے، تاہم اسپتال ذرائع کے مطابق تیمور ان کے ساتھ تھا۔

پولیس اب تک اس کیس میں ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کر چکی ہے۔ حملہ آور کی شناخت ہو چکی ہے، اور تفتیش جاری ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More