اے این ایف نے کروڑوں مالیت کے منشیات تحویل میں لے لی

سچ ٹی وی  |  May 12, 2025

اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی سمیت ملک کے دیگرشہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 16 کروڑ 54لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات تحویل میں لے لی۔

اے این ایف کے کراچی دفتر سے جاری اعلامیے میں ترجمان نے بتایا کہ تعلیمی اداروں اورملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اعلامیے کے مطابق کارروائیوں کے دوران 1943.706 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جس کی مالیت 16 کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ڈی ایچ اے ڈی ایچ اے کراچی (چھوٹا بخاری) میں 2 موٹر سائیکل سواروں سے 1 کلوگرام آئس برآمد کی گئی جبکہ بلوچستان کےعلاقے سارانان، ضلع پیشن میں حمید کراس کے قریب کارروائی کے دوران 1870 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق کچی آبادی، پرانا چمن سے 20 کلوگرام افیون قبضے میں لی گئی، ایک اور کارروائی کے دوران پرانا پسنی روڈ، کوہِ مراد، کیچ کے قریب جھاڑیوں میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 12 کلو ہیروئن برآمد کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق سرائےعالمگیر، منڈی بہاؤالدین روڈ پر یونیورسٹی کے قریب ملزمان سے 12 کلو گرام چرس برآمد کی گئی، برآمد شدہ منشیات گاڑی میں مہارت سے چھپائی گئی تھی۔ اے این ایف نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا، کاک پل ایکسپریس وے اسلام آباد کے قریب کارروائی کے دوران ہائی ایس اورموٹرسائیکل میں سوارملزمان سے 12 کلو چرس برآمد کی۔

اس کے علاوہ آرسی ڈی روڈ حب میں مسافربس سے 10.8 کلو چرس، جنرل بس ٹرمینل پشاور کے قریب افغان باشندے سے 2 پنچنگ پیڈز میں چھپائی گئی 5 کلو آئس جبکہ شاہی قلعہ سرکلرروڈ لاہورکے قریب کارروائی کےدوران ملزمان سے 706 گرام کی 1124 ایکسٹسی گولیاں اور 200 گرام آئس برآمد کی گئی۔

مذکورہ کارروائیوں کے دوران ایک خٓاتون سمیت 14 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کےخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکےتحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More