’یہ وہ وجہ ہے جو پہلگام واقعے کا سبب بنی‘، گلوکار سونو نگم پر ایف آئی آر درج

اردو نیوز  |  May 04, 2025

انڈیا کی ریاست کرناٹک میں بالی وُڈ کے معروف گلوکار سونو نگم کے خلاف ایف آئی درج کی گئی ہے۔

خبر رساں ویب سائٹ ’مینٹ‘ کے مطابق کناڈا زبان بولنے والوں کی تنظیم کرناٹک رشانہ ویدیکے (کے آر وی) نے بنگلورو پولیس میں ایک باضابطہ شکایت درج کرائی ہے۔

ایف آئی آر میں کے آر وی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ’گلوکار سونو نگم نے کناڈا بولنے والے افراد کی جدوجہد کو دہشت گردی اور پہلگام میں ہونے والے واقعات کے ساتھ جوڑ دیا ہے۔‘

رپورٹس کے مطابق انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سونو نگم مختلف لسانی گروپوں کے درمیان دشمنی بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کے آر وی نے سونو نگم کی جانب سے کہے گئے الفاظ کو ایک جمہوری و ثقافتی دعوے اور دہشت گردی کے درمیان ناقابل قبول موازنہ قرار دیا ہے۔

تنظیم نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ اگر سونو نگم نے عوامی سطح پر اپنے کہے پر معافی نہ مانگی تو ریاست کرناٹک میں ان کے کنسرٹس اور پرفارمنسز پر پابندی لگا دی جائے گی۔

یہ تنازعہ سونو نگم کے بنگلورو میں منعقد ہونے والے ایک کنسرٹ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بظاہر ایک طالب علم کی جانب سے سونو نگم کو کناڈا زبان میں گانا گانے کی درخواست کی جاتی ہے۔

جواب میں گلوکار اپنی پرفارمنس روک کر کہتے ہیں کہ ’یہ وہ وجہ ہے جو پہلگام واقعے کا سبب بنی، براہ کرم یہ تو دیکھ لیں کہ آپ کے سامنے کون کھڑا ہے، لو یو آل گائیز (آپ سب کو ڈھیر ساری محبت)۔‘

    View this post on Instagram           A post shared by Sonu Nigam (@sonunigamofficial)

اس متعلق گلوکار نے مزید کہا کہ ’میرے کیریئر میں، میں نے مختلف زبانوں میں گانا گایا ہے، لیکن جو بہترین گانے میں نے گائے ہیں وہ کناڈا زبان میں ہیں، جب بھی میں آپ کے شہر آتا ہوں، میں بہت ساری محبت کے ساتھ آتا ہوں، ہم بہت سے مقامات پر شو کرتے ہیں، لیکن جب بھی ہم کرناٹک میں شو کرتے ہیں، تو ہم آپ کے لیے بہت احترام کے ساتھ آتے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آپ نے مجھے اپنے خاندان کی طرح عزت دی ہے، لیکن مجھے یہ بات پسند نہیں آئی کہ وہ لڑکا جو میرے کیریئر کی عمر سے بھی کم ہے، مجھے کناڈا میں گانے کے لیے بدتمیزی سے دھمکانے لگے۔‘

یاد رہے کہ سونو نگم کے گانے دنیا بھر میں ہندی، اردو سمجھنے والوں میں مقبول ہیں تاہم انہوں نے کناڈا اور دوسری کئی زبان میں بھی ہٹ گانے گا رکھے ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More