دوسری مدت کیلئے آسٹریلوی وزیراعظم نے میدان مار لیا

سچ ٹی وی  |  May 03, 2025

آسٹریلیا کے بائیں بازو کی جانب جھکاؤ رکھنے والے وزیرِاعظم انتھونی البانیز نے قومی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی، انہوں نے اپنے حریف قدامت پسند لبرل نیشنل اتحاد کے پیٹرڈٹن کو بھاری مارجن سے شکست دی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ عالمی بے یقینی کے اس دور میں انتھونی البانیز کی محتاط مگر مستقل قیادت عوام کو بھا گئی اور انہوں نے سخت گیر اپوزیشن لیڈر پیٹر ڈٹن کو مسترد کردیا۔

دوسری جانب، اپوزیشن جماعت کے پیٹرڈٹن نے وزیرِاعظم انتھونی البانیز کو فون کر کے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا کہ ہم انتخابی مہم کے دوران خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے اور میں اس شکست کی پوری ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔

سابق پولیس افسر پیٹر ڈٹن کو یہ غیر معمولی شرمندگی بھی اٹھانا پڑی کہ ان کی اپنی نشست بھی خطرے میں پڑ گئی۔دوسری جانب، انتھونی البانیز کی لیبر پارٹی پارلیمنٹ میں غیر متوقع طور پر بڑی اکثریت حاصل کرنے کی کوششوں میں تھی جس میں انہیں کسی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

قومی نشریاتی ادارے اے بی سی کے معروف انتخابی تجزیہ کار انتھونی گرین نے کہا کہ یہ لیبر کے لیے ایک بڑی جیت ہو سکتی ہے۔ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے انتخابی مہم کے دوران قابل تجدید توانائی کو اپنانے، بگڑتے ہوئے رہائشی بحران سے نمٹنے اور بوسیدہ صحت کے نظام میں سرمایہ کاری کا وعدہ کیا تھا۔

دوسری جانب، ان کے حریف پیٹر ڈٹن اپنی مہم کے دوران امیگریشن میں بڑی کٹوتی، جرائم کے خلاف سخت کارروائی اور جوہری توانائی پر طویل عرصے سے عائد پابندی ختم کرنے کے وعدے کیے تھے۔

سڈنی یونیورسٹی کے سیاست کے لیکچرار ہنری ماہر نے اے ایف پی کو بتایا ’عالمی عدم استحکام کے وقت ہمیں توقع تھی کہ عوام ایک مستحکم اور موجودہ قیادت کی طرف ہی واپس جائیں گے‘۔ انتخابی مہم کے دوران پیٹر ڈٹن کی جانب سے سرکاری محکموں میں کٹوتی کی پالیسی نے عوام کو نالاں کیا، کیونکہ امریکا میں ایلون مسک کی قیادت میں اسی طرح کی کٹوتیاں بدنظمی کا باعث بنیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More