7.4 شدت کا زلزلہ، سونامی الرٹ جاری

سچ ٹی وی  |  May 02, 2025

چلی اور ارجنٹائن کے جنوبی ساحلوں پر 7.4 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جس سے علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔

امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کا مرکز ڈریک پاسیج میں ارجنٹائن کے شہر یوشوایا سے 219 کلومیٹر (173 میل) جنوب میں سمندر کے نیچے تھا جو کیپ ہارن اور انٹارکٹیکا کے درمیان واقع ہے۔

چلی کے حکام نے جمعہ کے روز ملک کے انتہائی جنوب میں واقع آبنائے میگیلان کے تمام ساحلی علاقوں کے لیے انخلاء کا الرٹ جاری کر دیا۔ چلی کی نیشنل سروس فار ڈیزاسٹر پریوینشن اینڈ ریسپانس نے عوام کو پیغام بھیجتے ہوئے کہا سونامی کے خطرے کی وجہ سے میگیلان کے ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

ارجنٹائن کے شہر یوشوایا جو دنیا کا سب سے جنوبی شہر سمجھا جاتا ہے میں مقامی حکام نے بیگل چینل میں پانی سے متعلق تمام سرگرمیوں اور نیویگیشن کو کم از کم تین گھنٹوں کے لیے معطل کر دیا ہے۔ تاہم، اب تک یوشوایا سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور نہ ہی انخلاء کی ضرورت پیش آئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس شدت کا زلزلہ سونامی کا سبب بن سکتا ہے جس کی وجہ سے چلی اور ارجنٹائن کے ساحلی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More