انڈیا کا سندھ طاس معاہدہ معطل اور واہگہ اٹاری بارڈر بند کرنے کا اعلان، پاکستانیوں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم

اردو نیوز  |  Apr 24, 2025

انڈیا کی حکومت نے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے ایک دن بعد پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور واہگہ اٹاری بارڈر بند کرنے سمیت کئی دیگر سخت فیصلوں کا اعلان کر دیا ہے۔

انڈیا کی وزارت خارجہ نے کابینہ کمیٹی برائے سکیورٹی (سی سی ایس) میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق اعلان پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کے ایک دن بعد بدھ کی رات کیا۔

انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے مختصر پریس بریفنگ میں بتایا کہ ’آج وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اس اجلاس میں کمیٹی کو پہلگام میں ہونے والے حملے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔‘

انہوں نے صحافیوں کے سوالات لینے سے پیشگی معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کئی فیصلے کیے گئے ہیں۔

سیکریٹری خارجہ کے مطابق ’انڈیا سندھ طاس معاہدے کو فوری طور پر معطل کر دے گا۔ اٹاری چیک پوسٹ کو فوری طور پر بند کیا جائے گا۔ پاکستانی شہریوں کو انڈیا آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انڈیا میں موجود پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنا ہو گا۔‘

’اجلاس میں پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں ایئر، نیوی اور آرمی اتاشیوں کے عہدوں کو ناپسندیدہ قرار دے دیا گیا۔‘

’انڈیا اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن سے تین سروس ایڈوائزرز اور معاون عملے کے پانچ افراد کو واپس بلا رہا ہے۔ سفارت خانوں میں امدادی عملے کی تعداد 55 سے کم کر کے 30 کر دی جائے گی۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز 22 اپریل کو انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کم از کم 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

سندھ طاس معاہدہ کیا ہے؟

تقسیم ہند کے بعد پاکستان اور انڈیا کے درمیان پانی کی تقسیم سے متعلق تنازع کے بعد 19 ستمبر 1960 کو ورلڈ بینک کی ثالثی میں ان کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا۔ اسے سندھ طاس معاہدہ کہا جاتا ہے۔

اس معاہدے پر دونوں ممالک کی جانب سے دستخط کے بعد مشترکہ مفادات کے لیے ایک مستقل انڈس کمیشن بھی قائم کیا گیا تھا جو انڈیا اور پاکستان کے کمشنرر پر مشتمل تھا۔

سندھ طاس معاہدے کے تحت تین مغربی دریاؤں سندھ جہلم اور چناب کے پانیوں پر پاکستان اور تین مشرقی دریاؤں راوی، ستلج اور بیاس کے پانیوں پر انڈیا کا حق تسلیم کیا گیا تھا۔

انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہونے والی سنہ 1965، سنہ 1971 اور سنہ 1999 کی جنگوں کے دوران بھی یہ معاہدہ قائم رکھا گیا تھا۔

سیاسی مبصرین پہلگام واقعے کے بعد یہ معاہدہ معطل کرنے کے اعلان کو انڈیا کا انتہائی غیرمعمولی اقدام قرار دے رہے ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More