بالی وڈ کے سینیئر اداکار امیتابھ بچن کی بہو ایشوریا رائے اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن کے درمیان علیحدگی کی افواہیں کئی مہینوں سے جاری ہیں، تاہم اب جوڑے نے ان کو بریک لگا دی ہے۔
دی انڈین ایکسپریس کے مطابق جوڑے نے اپنی شادی کی 18ویں سالگرہ کے موقع پر خوش کن انداز میں ایک ساتھ تصاویر بنوائیں اور شیئر بھی کیں، جس پر سوشل میڈیا صارفین خاصے خوش دکھائی دے رہے ہیں۔
جوڑے نے سالگرہ اتوار 20 اپریل کو منائی، جس کی کچھ تصاویر ایشوریا رائے نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس سے شیئر کیں۔
ان میں وہ اپنے شوہر ابھیشیک بچن اور بیٹی ارادھیا بچن کے ساتھ نظر آ رہی ہیں۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تینوں نے ایک طرح کے سفید لباس پہن رکھے ہیں، جب ایک میں ابھیشیک بچن نے سرخ فریم والی عینک پہنی ہوئی ہے۔
ایشوریا نے تصاویر کے ساتھ وائٹ ہارٹ ایموجی بھی لگایا۔
ان تصاویر کے سامنے آتے ہی فینز نے نیک خواہشات اور تبصروں کا سلسلہ شروع کر دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’فائنلی سب ٹھیک ہو گیا، فیملی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہوتا۔‘
اسی طرح ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’کافی عرصے بعد آپ سب کو ایک ساتھ ایک فریم میں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔‘
اسی طرح دوسرے کمنٹس بھی زیادہ تر اسی قسم کے ہیں۔
ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی چہ میگوئیاں اس وقت پھیلنا شروع ہوئیں جب چند ماہ پیشتر ایشوریا رائے بچن نے اپنی بیٹی ارادھیا کی 13ویں سالگرہ کی تصاویر شیئر کیں، اور ان میں ابھیشیک بچن کی عدم موجودگی نے ان کی علیحدگی کی افواہوں کو مزید تقویت دے دی تھی۔
اس سے قبل بھی ایشوریا رائے کے ایک خاندانی فنکشن میں ابھیشیک بچن دکھائی نہیں دیے تھے۔ جس کے بعد ایسی اطلاعات سامنے آئیں کہ ایشوریا رائے بچن اپنی والدہ کے ہاں رہ رہی ہیں۔
ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے 20 اپریل 2007 کو رشتہ ازدواج میں بندھے تھے (فوٹو: انڈین ایکسپریس)
افواہوں کا یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا تھا جب ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن الگ الگ ایک ہائی پروفائل شادی میں پہنچے، جس کے بعد ابھیشیک بچن نے انسٹاگرام پر ایک ایسی پوسٹ کو بھی لائیک کیا جو طلاق کی حوصلہ افزائی کے بارے میں تھی۔
کچھ مہینے قبل امیتابھ بچن نے بھی ایسی افواہوں پر ردعمل دیا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنے ایک بلاگ میں بیٹے اور بہو کی علیحدگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو ’قیاس آرائیاں‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’افواہیں افواہیں ہی ہوتی ہیں، جو بغیر کسی تصدیق کے جھوٹی بات کو آگے بڑھاتی ہیں۔ ‘
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ بغیر تصدیق کے کوئی آگے بڑھانے سے جھوٹ ہی پھیلتا ہے۔
ابھیشیک بچن جلد ہی شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ میں دکھائی دیں گے۔ اس سے قبل دونوں کبھی الوداع نہ کہنا اور ہیپی نیو ایئر میں کام کر چکے ہیں۔
ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کی شادی اپریل 2007 میں ہوئی تھی اور نومبر 2011 میں ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔