کیتھولک مسیحیوں کے پیشوا پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

اردو نیوز  |  Apr 21, 2025

ویٹی کن سٹی نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ کیتھولک مسیحیوں کے پیشوا پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں پیر کی صبح انتقال کر گئے۔

پوپ فرانسس طویل علالت کے بعد چند دن قبل ہی صحت یاب ہوئے تھے، ان کو نمونیا کی تشخیص ہوئی تھی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ایف پی کے مطابق کارڈینل کیون فیرل نے ویٹی کن کی طرف سے شائع کردہ بیان میں کہا کہ وہ گہرے دکھ اور صدمے کے ساتھ پوپ فرانسس کے انتقال کا اعلان کرتے ہیں۔

وہ شدید بیماری کے باعث 38 دن تک ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ 23 مارچ کو صحت یاب ہونے کے بعد ان کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔

وہ رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی مذہبی رہنما تھے، اور 2013 میں رومن کیتھولک چرچ کے سربراہ بنے تھے۔

پوپ فرانس کا تعلق ارجنٹینا سے تھا، اور ان کا نام خورخے ماریو برگو لیو تھا۔

پاکستان سمیت متعدد ممالک کی طرف سے تعزیت

پاکستان سمیت عالمی رہنماؤں نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پوپ فرانسس کے خاندان اور کیتھولک مسیحی برادری سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال سے دنیا ایک مخلص اور امن کی داعی شخصیت سے محروم ہو گئی ہے۔

’پوپ فرانسس نے دُکھی انسانیت کی خدمت کے لیے نمایاں کردار ادا کیا، دنیا میں قیام امن کے لیے پوپ فرانسس کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین ایشو پر پوپ فرانسس کے اصولی موقف کو اقوام عالم میں سراہا گیا۔

کارڈینل کیون فیرل نے کہا کہ وہ گہرے دکھ اور صدمے کے ساتھ پوپ فرانسس کے انتقال کا اعلان کرتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے پیر کو پوپ فرانسس کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پوپ فرانسس امن، محبت اور ہمدردی کی آواز تھے۔‘

ایران نے بھی ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں نے کہا کہ پوپ فرانسس ہمیشہ کمزور طبقات کی حمایت کرتے تھے۔

اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے کہا ہے کہ ’یہ انتہائی افسوسناک خبر ہے، ایک عظیم انسان ہمیں چھوڑ کر چلا گیا۔‘

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں مسیحیوں کے ساتھ ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More