یونیسکو نے پاکستان میں قائم انٹرنیشنل کونسل آف ٹریڈیشنل اسپورٹس اینڈ گیمز (ICTSG) کی جانب سے اپنے نام، مخفف اور لوگو کے غیر مجاز استعمال پر باضابطہ وضاحت جاری کر دی ہے۔
یہ بیان یونیسکو کی سابق ایڈہاک ایڈوائزری کمیٹی کے ارکان کی شکایات کے بعد سامنے آیا ہے، جنہوں نے خبردار کیا کہ ICTSG دنیا بھر میں روایتی کھیلوں سے متعلق برادری کو یونیسکو سے جھوٹے تعلق کا تاثر دے کر گمراہ کر رہا ہے۔
یونیسکو کے شعبہ کھیل نے واضح کیا ہے کہ ICTSG کے ساتھ اس وقت کوئی تعلق یا تعاون موجود نہیں ہے۔ ادارے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ICTSG کے صدر خلیل احمد خان کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹ، سوشل میڈیا اور سرکاری دستاویزات سمیت ہر پلیٹ فارم سے یونیسکو کا نام اور لوگو ہٹا دیں۔ یاد رہے کہ 2019 میں یونیسکو نے ایڈہاک ایڈوائزری کمیٹی کو غیر واضح وجوہات کی بنا پر تحلیل کر دیا تھا، اور خلیل احمد خان کو بھی چیئرمین کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
یونیسکو کے شعبہ کھیل کے سربراہ، فلپ مولر ورتھ نے اس موقع پر کہا "ہم تمام متعلقہ فریقین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ICTSG کے یونیسکو سے وابستگی کے دعوؤں کو سراسر جھوٹا تصور کریں۔ یونیسکو اپنی شناخت اور مشن کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔"
یونیسکو نے دنیا بھر میں روایتی کھیلوں سے منسلک تمام اداروں اور افراد سے اپیل کی ہے کہ اس وضاحت کو عام کریں تاکہ مزید گمراہی سے بچا جا سکے۔