انڈیا میں کرکٹ اور بالی وُڈ کا گہرا رشتہ سمجھا جاتا ہے اور اس کی جھلکیاں وقتاً فوقتاً دیکھنے کو مل رہی ہوتی ہیں۔انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی کئی ٹیموں کے ملکیت بھی بالی وُڈ شخصیات کے پاس ہے۔ اسی طرح سے بالی وُڈ اور کرکٹ ستاروں کی آپس میں رشتہ داریاں بھی ہیں۔شوبز ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق بالی وڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان اور معروف کرکٹر وراٹ کوہلی کا آپس میں بڑا یارانہ ہے اور اس میں بھی کوئی شک نہیں ہے کہ دونوں اپنے اپنے کیرئیر کے عروج پر ہیں۔شاہ رخ خان نے حال ہی میں کہا ہے کہ ’وراٹ کوہلی ہمارے داماد ہیں۔‘سٹار سپورٹس کے ایک شو میں بات کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے وراٹ کوہلی کے ساتھ اپنے رشتے کے بارے میں بتایا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’میں اس کے ساتھ لمبا وقت بیتاتا ہوں، میں بس یہ کہوں گا کہ مجھے اس سے محبت ہے، میں تو اسے داماد کہتا ہوں، وہ بالی وُڈ والوں کا داماد ہے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’دوسروں کھلاڑیوں کے مقابلے میں اسے زیادہ جانتا ہوں، میں وراٹ اور انوشکا کو ایک طویل عرصے سے جانتا ہوں اور ان کے ساتھ کافی وقت گزارا ہے، میں اُنہیں اُس وقت سے جانتا ہوں جب وہ ڈیٹنگ کر رہے تھے اور میں انوشکا کے ساتھ فلم کی شوٹنگ کر رہا تھا، تو وہ ہمارے ساتھ وہ کئی دن گزار چکا ہے، ہماری بہت دوستی ہو گئی تھی۔‘اسی انٹرویو کے دوران شاہ رخ خان نے ایک دلچسپ واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے وراٹ کوہلی کو اپنی فلم ’پٹھان‘ کے گانے کے کچھ ڈانسنگ سٹیپس سکھائے۔ View this post on Instagram A post shared by Shah Rukh Khan (@srkking555)انہوں نے کہا کہ ’میں نے اُسے ’پٹھان‘ فلم کے ٹائٹل سونگ کے ڈانس سٹیپس سکھائے، میں نے اُسے انڈیا کے ایک میچ میں دیکھا، وہ رویندرا جدیجہ کے ساتھ ڈانس کرنے کی کوشش کر رہا تھا بلکہ وہ دونوں وہ ڈانس سٹیپ کرنے کی کوشش کر رہے تھے، مجھے بہت افسوس ہوا کہ وہ دونوں وہ سٹیپس بہت خراب طریقے سے کر رہے تھے، میں نے ان سے کہا، آؤ میں تمہیں صحیح طریقے سے سکھا دوں تاکہ اگلے ورلڈ کپ اور دیگر چیمپئن شپ میں جب بھی تم ڈانس کرو، کم از کم مجھے کال کر کے پوچھ تو لو کہ یہ سٹیپس کیسے کرنے ہیں۔‘ یاد رہے کہ انوشکا شرما نے سنہ 2008 میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’رب نے بنا دی جوڑی‘ سے اپنا بالی ووڈ ڈیبیو کیا تھا۔ اس کے بعد شاہ رخ خان اور انوشکا شرما ’جب ہیری میٹ سیجل‘، ’جب تک ہے جان‘، ’زیرو‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ میں ایک ساتھ نظر آئے۔انوشکا شرما اور وراٹ کوہلی نے اس وقت ڈیٹنگ شروع کی جب انوشکا اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں تاہم دونوں دسمبر سنہ2017 میں اٹلی کے علاقے ٹسکنی میں ایک نجی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ اب ان کے دو بچے وامیکا اور اکئی کوہلی ہیں۔